مصرمیں ایک خاتون کی طرف سے دائر کردہ شکایت کے بعد عدالت نے ملزم کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراسانی کے الزامات میں بیس ہزار مصری پاؤنڈ کےجرمانے کی سزا سنائی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک نئے واقعے میں مصر کی ایک عدالت نے کل ہفتےکو نوجوان پر جرمانہ عائد کیا۔ شکایت کندہ کی طرف سے دائر درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ منتصر نامی ملزم فیس بک پر میسنجر ایپلی کیشن کے ذریعے اسے خاتون اور اس کی بیٹیوں کو ہراساں کررہا تھا۔ وہ انہیں برابھلا کہتا اور انہیں دھمکیاں دیتا تھا۔
بالائی مصر میں واقع قنا گورنری کی اقتصادی عدالت نے خاتون کی درخواست پر ملزم کو انہیں نفسیاتی تکلیف پہنچانے پر 20,000 پاؤنڈ جرمانے کا فیصلہ سنایا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گھریلو خاتون نے منتصر نامی نوجوان کے خلاف سائبر انویسٹی گیشن پولیس کے پاس شکایت درج کروائی۔ خاتون نے اپنی ایف آئی آرمیں منتصر نامی ملزم کے خلاف میسنجر ایپلی کیشن کے ذریعے انہیں اور ان کی بیٹیوں کو ہراساں کرنے، گالم گلوچ کرنے اور ان کو بدنام کرنے کے الزامات کے تحت شکایت درج کروائی‘‘۔
مصری الیوم اخبار کے مطابق عدالت نے ملزم کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مادی اور معنوی نقصان پہنچانے پربیس ہزار پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں۔ مصر کی ایک عدالت نے گذشتہ جنوری میں ایک خاتون کو اپنے شوہر کو "واٹس ایپ" ایپلی کیشن پر پریشان کرنے والے پیغامات بھیجنے پر ایسی ہی سزا سنائی تھی۔