العربیہ نیوز چینل کی نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافات الضاحیہ میں الحدث کے علاقے پر حملے کیے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان نے الحدث اور برج البراجنہ کے علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر بم باری کی دھمکی دی تھی۔ ترجمان کے مطابق یہ عمارتیں حزب اللہ کی تنصیبات کے نزدیک واقع ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے بیس سے زیادہ اسرائیلی بستیوں کی آبادی کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ تنظیم نے بتایا کہ ان بستیوں کے اسرائیلی فوجی اڈوں میں تبدیل ہونے کے بعد یہ حملوں کے لیے جائز ہدف بن چکی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں متعدد قصبوں اور دیہات پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
ادھر البقاع میں اسرائیلی طیاروں نے الہرمل کے علاقے میں مختلف مقامات پر بم باری کی۔
فلسطین میں العربیہ کے نمائندے کے مطابق جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل میں واقع بستی کریات شمونہ پر راکٹ داغے گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی ایک زیر زمین تزویراتی تنصیب کو تباہ کر دیا۔ اس دوران 400 ٹن دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ حزب اللہ نے اس تنصیب کو گذشتہ 15 برس کے دوران میں ایک سرنگ کے اندر بنایا تھا جس کی لمبائی ڈیڑھ کلو میٹر تک ہے۔
العربیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں جاری لڑائی میں 7 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔
اسرائیل اس وقت حزب اللہ پر شدید بم باری کر رہی ہے جو خطے میں ایران کی مرکزی اتحادی ہے۔ اس کرروائی کا مقصد تنظیم کو شمالی اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے سے روکنا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کو جنوبی لبنان میں سرحدی علاقوں میں غیر فعال بنانا چاہتا ہہے تاکہ شمالی اسرائیل کے 60 ہزار شہریوں کو واپسی کا موقع مل سکے۔ یہ اسرائیلی شہری گذشتہ برس سے حزب اللہ کی جانب سے مسلسل جاری راکٹ حملوں کے سبب بے گھر ہو گئے تھے۔