وڈیو : سوڈانی وزیر پناہ گزینوں کی حالت دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سوڈان کے دار الحکومت خرطوم میں پناہ گزینوں کے ایک مرکز کے دورے کے موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر ہیثم محمود ابراہیم اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

اس دوران مرکز میں جزیرہ توتی کے اہلیان کے مصائب اور دکھ درد دیکھ کر سوڈانی وزیر کے آنسو نکل پڑے۔ منگل کے روز اس دورے میں ڈاکٹر ہیثم کے ہمراہ خرطوم کے گورنر بھی تھے۔ جب اہلیان جزیرہ توتی نے سوڈانی وزیر سے کہا کہ وہ "معزز اور شریف" لوگ ہیں تو وزیر کی آنکھیں بھر آئیں۔ ڈاکٹر ہیثم نے ان لوگوں کو سخت حالات میں صبر کی تلقین کی۔ انھوں نے باور کرایا کہ حکومت مقامی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے بے گھر افراد کی تمام ضروریات پورا کرنے کی پابند ہے۔

تاہم بے گھر افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد پر سوڈانی وزیر کی تشویش مخفی نہیں رہی۔ اس حوالے سے علاج کی خدمات اور ٹھکانے فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اس موقع پر جزیرہ توتی کے لوگوں کو فوج کی جانب سے سنار ریاست میں سنجہ شہر واپس لیے جانے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ سوڈانی وزیر نے امید ظاہر کی ہے کہ نقل مکانی کرنے والے افراد جلد ہی اپنے جزیروں کو واپس جانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب سوڈانی وزیر صحت ملکی حالات سے متاثر نظر آئے۔

رواں سال مارچ میں جامعہ خرطوم کے میڈیکل کالج کی صد سالہ تقریب جنگ کے سبب مصری دار الحکومت قاہرہ میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر بھی سوڈانی وزیر صحت اپنے ملک کے سنگین حالات یاد کر کے رو دیے تھے۔

یاد رہے کہ دریائے نیل کے قلب میں واقع جزیرہ توتی طویل عرصے سے زندگی کی علامت تھا۔ تاہم سوڈان کی جنگ شروع ہونے کے چند روز بعد "رپیڈ سپورٹ فورس" کے توتی پر قبضے کے بعد سے یہ جزیرہ ایک بڑی جیل کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

جو لوگ جزیرہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو سکے ان کی کہانیاں سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ان افراد نے تصدیق کی ہے کہ گھروں کو قبضے میں لے کر انھیں عقوبت خانوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بعض لوگ محصور جزیرے سے نکلنے کا موقع پانے کے لیے ریپڈ سپورٹ فورس کے عناصر کو بھاری بھتے دینے پر مجبور ہو گئے۔

جو لوگ باقی رہ گئے انہیں بنا کسی روک ٹوک لوٹ مار اور دیگر جرائم کا نشانہ بننا پڑا۔

جزیرہ توتی آج سوڈان کی ابتر تصویر پیش کر رہا ہے جہاں عہدے داران کے آنسو بے گھر افراد کی حسرتوں کے ساتھ مل کر گہرے زخموں سے چور وطن کی زبوں حالی بیان کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں