امریکی سینیٹ میں روبیو کی جگہ لینے کے لیے نام زیرِ غور، ٹرمپ کی بہو لارا فہرست سے دستبردار
روبیو کے سینیٹر کے عہدے سے مستعفی ہو جانے کی توقع ہے
نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہو لارا ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا کہ انہوں نے سبکدوش ہونے والے امریکی سینیٹر مارکو روبیو کی جگہ لینے کے لیے اپنا نام زیرِ غور افراد کی فہرست سے ہٹا دیا ہے۔
روبیو کو ٹرمپ نے وزیرِ خارجہ کے طور پر کام کرنے کے لیے منتخب کیا تھا۔ فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس روبیو کے متبادل کا انتخاب کریں گے جن کے سینیٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی توقع ہے جب 20 جنوری کو ٹرمپ عہدہ سنبھالیں گے۔
لارا ٹرمپ جنہوں نے 2024 کے انتخابات میں ریپبلکن نیشنل کمیٹی کی شریک چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، ان کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ وہ سینیٹ میں روبیو کی جگہ لیں گی۔
تاہم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے "بہت زیادہ گہری سوچ، غور و فکر اور کئی لوگوں کی طرف سے حوصلہ افزائی کے بعد" خود کو زیرِ غور ناموں کی فہرست سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا، "میں اپنی زندگی کے سب سے زیادہ داؤ پیچ والے انتخابات کے دوران آر این سی کی شریک چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینے سے زیادہ اعزاز حاصل نہیں کر سکتی تھی اور اپنے ملک اور اس عظیم ریاست فلوریڈا کے لوگوں کی طرف سے ملنے والی ناقابلِ یقین حمایت کا میں واقعی بہت زیادہ شکریہ ادا کرتی ہوں۔"
لارا ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ کی اہلیہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس جنوری میں کرنے کے لئے ایک "بڑا اعلان" ہے لیکن انہوں نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ لارا ٹرمپ نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کے بارے میں بدستور پرجوش ہیں اور مستقبل میں دوبارہ خدمت انجام دینے کی منتظر ہیں۔
یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ ممکنہ امیدواروں کی طرف سے پہلے ہی خاصی دلچسپی تھی، ڈی سینٹیس نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ ممکنہ طور پر جنوری کے اوائل تک انتخاب کر لیا جائے گا۔