حوثی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین اور اس پرموجود دیگر لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ اعلان امریکی فوج کی جانب سے صنعا میں حوثی اہداف پر فضائی حملے کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکی حملے میں میزائل ذخیرہ کرنے کی سہولت اور "کمانڈ اور کنٹرول کی سہولت" کو نشانہ بنایا گیا۔ حالیہ بمباری میں دارالحکومت صنعا کے وسط میں عطان اور جبل نقم کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ میزائلوں کے ذخیرہ کرنے والے گودام اور حوثی گروپ کے زیر انتظام کمانڈ اینڈ کنٹرول کی سہولت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سینٹ کام نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک اینٹی شپ میزائل کے علاوہ بحیرہ احمر کے اوپر کئی حوثی ڈرونز کو بھی مار گرایا ہے۔
قبل ازیں حوثی ملیشیا نے اعلان کیا تھا کہ صنعا میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے چند گھنٹے بعد مغربی یمن کے ساحلی گورنری الحدیدہ کو امریکی - برطانوی بمباری سے نشانہ بنایا گیا۔ حوثی میڈیا نے اتوار کو کہا تھا کہ امریکی-برطانوی بمباری نے الحدیدہ گورنری کے اللحیہ ضلع میں جبل الجدع کو نشانہ بنایا۔
ہفتے کی شام امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ اس کی افواج نے صنعا میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں سے تعلق رکھنے والے میزائلوں کے ذخیرے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ایک تنصیب پر حملے کیے ہیں۔ یہ حملے حوثیوں کی کارروائیوں میں خلل ڈالنے اور اسے کمزور کرنے کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔ واضح رہے اس سال کے آغاز سے امریکی زیر قیادت فوجی اتحاد یمن پر حملے کر رہا ہے۔