امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکے گا، کیونکہ واشنگٹن کا اندازہ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار گروپ حماس نے اتنی تعداد میں نئی بھرتیاں کر لی ہیں جتنے غزہ کی جنگ میں ہلاک ہوئے تھے۔ بلنکن اٹلانٹک کونسل میں گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا ' غزہ میں جنگ بندی معاہدہ قریب تر ہے مگر اس کے لیے گیند حماس کی کورٹ میں ہے۔'
امریکی وزارت خارجہ کے اپنے آخری ہفتے کے دوران کی گئی اس گفتگو میں انٹونی بلنکن نے کئی متضاد باتیں کی ہیں۔ انہوں نے معاہدے کی امید کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ اسرائیل جنگ کو ختم نہیں کرے گا۔ تاہم انہوں نے اپنی تنقید کا نشانہ امریکہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دیے گئے گروپ کو ہی بنایا ہے۔