سعودی عرب : ایک ہفتے میں قیام اور دیگر امور سے متعلق 22555 خلاف ورزیاں ریکارڈ
سعودی عرب میں 16 سے 22 جنوری (2025) کے درمیان مختلف علاقوں سے قیام، کام اور سرحدی سیکورٹی سے متعلق قوانین اور ضوابط کی 22555 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ان میں 14260 خلاف ورزیاں اقامے، 4954 خلاف ورزیاں سرحدی سیکورٹی اور 3341 خلاف ورزیاں کام سے متعلق ہیں۔
اس عرصے میں سرحد پار کر کے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1700 افراد کو پکڑا گیا۔ ان میں 42% یمنی، 56% ایتھوپیئن باشندے ہیں اور بقیہ (02%) دیگر ممالک کے باشندے ہیں۔ اسی طرح 81 افراد کو غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کر کے مملکت سے باہر جانے کی کوشش میں حراست میں لیا گیا۔
علاوہ ازیں اقامے، کام اور سرحدی سیکورٹی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینے اور منتقل کرنے میں ملوث 24 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس وقت مجموعی طور پر جن غیر ملکیوں کو قانون کی خلاف ورزیوں سے متعلق اقدامات کا سامنا ہے ان کی تعداد 33871 ہے۔ ان میں 30984 مرد اور 2887 خواتین ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ نے باور کرایا ہے کہ جو شخص بھی سعودی سرحدی سیکورٹی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے مملکت میں داخلے کے لیے سہولت کار بنے گا، یا انھیں مملکت کے اندر منتقل کرے گا، یا انھیں پناہ دے گا، یا کسی بھی طرح کی مدد یا خدمات پیش کرے گا تو اسے 15 سال جیل اور دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا کا سامنا ہو گا۔
اس کے علاوہ ایسے شخص کے ذرائع نقل و حمل اور پناہ دینے کے لیے استعمال ہونے والی جگہ یا گھر بھی ضبط کر لی جائے گا۔ یہ ان بڑے جرائم میں سے ہے جن کی بنا پر گرفتاری لازم ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی کی اطلاع ان نمبروں پر دیں۔ تین صوبوں مکہ مکرمہ ، ریاض اور مشرقی صوبے کے لیے نمبر (911) ہے اور مملکت کے بقیہ صوبوں کے لیے نمبر (999) اور (996) ہے۔