شمالی کیرولائنا کے مغرب میں جنگل کی آگ: لازمی انخلاء کا حکم جاری
علاقہ پہلے ہی طوفان ہیلین کے بعد بحال ہو رہا ہے
شمالی کیرولائنا میں جنگل کی آگ کے باعث ایک کاؤنٹی میں لوگ انخلاء پر مجبور ہو گئے جبکہ ہنگامی عملہ علاقے میں شعلوں پر قابو پانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ یہ علاقہ بدستور سمندری طوفان ہیلین سے بحال ہو رہا ہے۔
شمالی کیرولائنا کے محکمہ تحفظِ عامہ نے ہفتے کو شارلٹ سے تقریباً 80 میل (128.7 کلومیٹر) مغرب میں شمالی کیرولائنا میں پولک کاؤنٹی کے بعض حصوں کے باشندوں کے لیے رات 8:20 سے لازمی انخلاء کا اعلان کیا۔
ایجنسی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مخصوص سڑکوں کے رہائشیوں کو خبردار کیا، "علاقے میں حدِ نگاہ کم ہو جائے گی اور سڑکیں/انخلاء کے راستے بند ہو سکتے ہیں؛ اگر آپ ابھی نہ نکلے تو پھنس سکتے ہیں، زخمی یا ہلاک ہو سکتے ہیں۔" محکمہ تحفظِ عامہ نے کہا کہ کولمبس، شمالی کیرولائنا میں ایک پناہ گاہ قائم کی گئی ہے۔
شمالی کیرولائنا فاریسٹ سروس نے پولک کاؤنٹی میں تین اور قریبی برک اور میڈیسن کاؤنٹیز میں دو دیگر مقامات پر جنگل کی آگ کی نشاندہی کی جبکہ ورجینیا کے ساتھ شمالی سرحد پر واقع سٹوکس کاؤنٹی میں بھی آگ لگی ہوئی ہے۔
شمالی کیرولائنا کا مغربی علاقہ ستمبر میں سمندری طوفان ہیلین سے شدید متاثر ہوا تھا۔ وسیع نقصانات میں سیلاب کے باعث انٹراسٹیٹ 40 پر مشرقی ٹینیسی کی طرف جانے والی ایک میل (1.6 کلومیٹر) سے زیادہ مشرقی لین بہہ گئی اور یہ مارچ تک ٹریفک کے لیے جزوی طور پر بند رہی۔
سمندری طوفان نے ریاست کے زیرِ انتظام 5,000 میل (8,046 کلومیٹر) تک سڑکوں کو نقصان پہنچایا یا متأثر کیا اور شمالی کیرولائنا میں 7,000 نجی سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا۔