مقامی حکام کے مطابق جنوبی شام کے صوبے درعا کے ایک قصبے پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے بعد علاقے میں اسرائیلی دراندازی اور رہائشیوں کی نقل مکانی کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے جوابی کارروائی کی جب اس کی افواج پر فائرنگ کی گئی۔
درعا گورنری نے اپنے آفیشل ٹیلیگرام پیج پر ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ "درعا کے مغرب میں یرموک طاس کے علاقے میں کویا قصبے پر اسرائیلی گولہ باری میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ "گاؤں کے نوجوانوں نے اسرائیلی دستوں کا سامنا کیا جنہوں نے آج صبح گاؤں میں گھسنے کی کوشش کی۔ اس دوران تصادم ہوا اور گاؤں کے مضافات سے اسرائیلی فوج نکل گئی جس کےبعد شدید اسرائیلی بمباری کی گئی"۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے منگل کو اعلان کیا کہ اس نے جنوبی شام میں گولان کی پہاڑیوں کے ساتھ سرحدی حدود کے اس پار اپنی فورسز پر گولی چلائے جانے کے جواب میں فضائی حملے کیے ہیں۔ مقامی شامی حکام نے بتایا کہ گولہ باری میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی فورسز نے "جنوبی شام میں متعدد دہشت گردوں کی نشاندہی کی جنہوں نے ان پر فائرنگ کی۔ فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور فضائیہ نے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں ہلاکتیں ہوئیں۔
قابل ذکر ہے کہ 8 دسمبر 2024ء کو شام کے سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں بفر زون (10 سے زائد مقامات) میں پوزیشنیں قائم کر رکھی ہیں۔