ٹرمپ نے اوباما کی تصویر کی جگہ اپنی پینٹنگ آویزاں کروا دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

ڈونلڈ ٹرمپ جمعہ کو براک اوباما کے ساتھ اپنی مخاصمت کو وائٹ ہاؤس کی دیواروں تک لے گئے اور سابق امریکی صدر کی تصویر کی جگہ اپنی پینٹنگ آویزاں کروا دی۔

78 سالہ ریپبلکن ٹرمپ نے ڈیموکریٹ اور واحد سیاہ فام امریکی صدر کی تصویر کو مشہور رہائش گاہ کے عظیم الشان داخلی دالان کی مخالف سمت میں منتقل کر دیا۔

موجودہ صدر کے لیے یہ اقدام انتہائی غیر معمولی ہے کیونکہ زیادہ تر صدور کو 200 سال پرانی تاریخی عمارت میں اپنی تصویر آویزاں کرنے سے پہلے عہدۂ صدارت چھوڑنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے ایکس پر کہا، "وائٹ ہاؤس میں کچھ نئے فن پارے۔" اس کے ساتھ مرکزی سیڑھیوں کے قریبی جگہ پر ٹرمپ کی نئی تصویر کے پاس سے گذرتے ہوئے لوگوں کی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی جہاں پہلے اوباما کی تصویر آویزاں تھی۔

نئی پینٹنگ میں وہ مشہور لمحہ دکھایا گیا ہے جب جولائی 2024 میں بٹلر، پنسلوانیا میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا اور ان کے کان میں زخم آیا جس کے بعد انہوں نے ہوا میں اپنا مکّا لہرایا اور "لڑائی" کا نعرہ لگایا۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ انہیں فوری طور پر اس مصور کے بارے میں معلومات نہیں ہیں جس نے یہ تصویر پینٹ کی ہے۔ یہ پینٹنگ ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نیوز ایجنسی کی اسی لمحے کی تصویر سے قریب تر ہے۔

بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے کئی اہلکاروں نے ٹرمپ کی نئی پینٹنگ کی تصاویر پوسٹ کیں جبکہ قریب ہی اوباما کی تصویر دکھائی گئی۔

وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر سٹیون چیونگ نے ایکس پر کہا - "اوباما کی تصویر کو صرف چند فٹ کے فاصلے پر منتقل کیا گیا ہے۔" انہوں نے ایک ناقد کو یہ بھی کہا، "خاموش ہو جاؤ، احمق۔"

روایتی طور پر امریکی صدور اکثر اپنے پیشروؤں کے پورٹریٹ منتقل کرتے رہے ہیں اور مرکزی داخلی ہال میں حالیہ ترین صدور کی تصاویر پہلے لگائی جاتی ہیں۔

اوباما کی پینٹنگ کی نقاب کشائی 2022 میں اس وقت کے صدر جو بائیڈن نے کی تھی جس میں 44ویں صدر کو سفید پس منظر میں سیاہ سوٹ اور سرمئی ٹائی میں دکھایا گیا تھا۔

لیکن وائٹ ہاؤس میں آنے والی اس تبدیلی کے چرچے ٹرمپ کی اوباما سے طویل اور تلخ مخاصمت کی عکاسی کرتے ہیں جو 2009 سے 2017 تک صدر تھے۔

ارب پتی امریکی صدر نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز اس نسل پرستانہ اور جھوٹے سازشی نظریئے کو آگے بڑھاتے ہوئے کیا کہ ان کے ڈیموکریٹک پیشرو اوباما نے پیدائشی امریکی ہونے کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔

اوباما نے بار بار ٹرمپ کا مذاق اڑاتے ہوئے جواب دیا خاص طور پر 2011 میں وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کے عشائیے میں ان پر خوب تنقید کی۔

یہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح سابق ریئلٹی ٹی وی سٹار ٹرمپ اپنی مختلف رہائش گاہوں میں خود کو خراج تحسین پیش کرنے سے کبھی نہیں گھبراتے۔

انہوں نے حال ہی میں اوول آفس کے باہر طلائی فریم سے مرصع وہ تصویر آویزاں کر دی جب 2020 کے انتخابات میں مداخلت کی مبینہ کوششوں کے مقدمے میں ان کا مگ شاٹ لیا گیا تھا۔

اور انہوں نے فلوریڈا میں مار-اے-لاگو کی رہائش گاہ میں اپنا ایک بڑا کانسی کا مجسمہ ایستادہ کر رکھا ہے جس میں بٹلر میں ان پر ہونے والے قاتلانے حملے پر ان کا مزاحمتی ردِ عمل دکھایا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں