امریکہ اور ایران کے مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں: عراقی صدر، العربیہ کو انٹرویو

عراقی سرزمین کو دیگر پر حملہ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے، الیکشن وقت پر ہوں گے: عبد اللطیف رشید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

عراقی صدر عبداللطیف رشید نے امریکہ اور ایران کے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مذاکرات کی ناکامی سے پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ تناؤ اور اختلافات میں اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے العربیہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ وہ ایک پڑوسی اور دوست ملک ہے۔ ہماری ایک طویل مشترکہ سرحد ہے۔ عبد اللطیف نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ بھی ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ ایک عظیم طاقت ہے جس کے ساتھ ہمارے مشترکہ مفادات وابستہ ہیں ۔

عراق میں امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحاد کی موجودگی کے بارے میں عبد اللطیف رشید نے کہا کہ ان کی موجودگی دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر مبنی ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان جاری مذاکرات ہی اتحادی افواج کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

بات چیت کی دعوت

عراقی صدر نے یہ بھی کہا کہ بغداد اور واشنگٹن کے درمیان معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن بغداد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جانب سے کسی بھی گروہ یا تنظیم کو عراقی سرزمین کو پڑوسی ممالک اور غیر پڑوسی ممالک پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک سے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

وقت پر انتخابات

عراق میں انتخابات کے حوالے سے عراقی صدر عبد اللطیف رشید نے کہا کہ ہم عراق میں گزشتہ برسوں کے دوران بغیر کسی تاخیر کے اپنے وقت پر انتخابات کرانے پر فخر کرتے ہیں۔ ہم نے آئندہ انتخابات کی تاریخ مقرر کر دی ہے اور ریاست کے تمام ادارے اس اہم عمل کے لیے تیار ہیں۔ یہ اگلے انتخابات بھی اپنے وقت پر بغیر کسی تاخیر یا توسیع کے منعقد ہو جائیں گے۔

عراقی صدر نے ’’العربیہ‘‘ کے ذریعے عراقی عوام کو آئندہ انتخابات میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں تمام فریقوں بشمول صدری تحریک سے امید کرتا ہوں کہ وہ اگلے الیکشن میں شرکت کریں تاکہ پارلیمنٹ عراقی عوام کی امنگوں کا اظہار کر سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام فریق انتخابات کے اپنے وقت پر انعقاد کے حوالے سے متفق ہیں۔ ایسا کوئی آئینی متن نہیں ہے جو حکومت کی مدت میں توسیع کردے۔ عراقی کابینہ نے گزشتہ اپریل میں 11 نومبر 2025 کو پارلیمانی الیکشن کرانے کی تاریخ مقرر کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں