پاکستان اور بھارت

پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن (ڈی جی ایم او) اور بھارتی ہم منصب کے درمیان ہاٹ لائن پر بات چیت کا پہلا راؤنڈ مکمل ہو گیا جس میں جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی اور ان کے پاکستانی ہم منصب میجر جنرل کاشف عبداللہ کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق رابطے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلان کردہ سیز فائر سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔ دونوں کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے فائرنگ نہیں ہوگی اور شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان دو روز قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد ڈی جی ایم اوز کا یہ پہلا رابطہ تھا۔

یاد رہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) شروع کر دیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئر فیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کر دیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں، 10 مئی کی سہ پہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہو گئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر نے اس بات کا انکشاف کیا تھا۔

دریں اثنا، بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا تھا کہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے سہ پہر 3 بج کر 35 منٹ پر رابطہ ہوا، انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں فریق تمام قسم کی فائرنگ اور زمینی، بحری اور فضائی فوجی کارروائیاں روک دیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں