اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے اتوار کے روز یمنی حوثیوں کی طرف سے فائر کیے گئے میزائلوں کو کامیابی سے روکا ہے۔ ان میزائل حملوں کے ساتھ ہی یروشلم اور اس سے متعلقہ شہروں کے آس پاس اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے اسرائیلیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے سائرن بجائے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سائرن بجنے کے کچھ ہی دیر بعد اس نے یمن سے فائر کیے گئے متعدد علاقوں میں میزائل روک دیے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے آئے روز اس طرح کے حوثی حملے روکنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ تاہم حوثیوں کے حملے اسرائیلی علاقوں یروشلم اور تل ابیب سمیت جاری ہیں۔ جس کی وجہ سے اسرائیل کے ان بڑے شہروں کی آبادیاں بھی بری طرح خوف کا شکار ہوگئی ہیں۔
حوثیوں کے یہ حملے نومبر 2023 سے جاری ہیں۔ البتہ غزہ میں جنگ بندی کے دنوں میں حوثیوں نے اسرائیل پر اپنے حملے روک دیے تھے۔
حوثیوں کا کہنا ہے کہ ان کے اسرائیل اور اسرائیلی تنصیبات پر یہ حملے غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہیں۔ جن پر اسرائیل نے بہیمانہ جنگ مسلط کر رکھی ہے۔
حوثیوں نے اسرائیل کے خلاف اپنی اس مہم کے دوران تل ابیب کے بین گورین ایئرپورٹ کو بھی بطور خاص نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ جس سے کئی بار بین گورین ایئرپورٹ پر آمد و رفت کو روکنا پڑا ہے۔ تاہم تصادم کا یہ سلسلہ جاری ہے۔