ایران کے خلاف جنگ ، برطانوی وزیر خزانہ نے اسرائیل کی ممکنہ مدد کا اشارہ کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

برطانیہ کی وزیر خزانہ نے ایران کے خلاف جنگ میں اسرائیل کے لیے برطانیہ کی ممکنہ مدد کا اشارہ دیا ہے۔ تاہم ساتھ ہی یہ کہہ دیا ہے کہ مشرق وسطی میں بھجوائے جانے والے اضافی جنگی طیاروں کی بڑی ذمہ داری برطانوی فوجی اڈوں اور وہاں موجود برطانیہ کے اہلکاروں کو محفوظ بنانے کی ہوگی۔ وزیر خزانہ نے یہ بات اتوار کے روز کہی ہے۔

برطانیہ کا یہ فیصلہ غزہ پر اسرائیلی جنگ کے شروع ہونے کے موقع پر اکتوبر 2023 میں مشرق وسطی میں بھیجی گئی اضافی فوجی نفری اور جنگی اثاثوں کے انداز کا ہے۔

اسرائیل نے جمعہ کے روز ایران کے خلاف اپنی کئی سالہ جنگی تیاری کے بعد جنگ کا آغاز کیا ہے۔ جس کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر جوابی میزائل حملے شروع کر دیے ہیں۔ اب دونوں طرف سے اپنی پوری قوت سے ایک دوسرے کے اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتوار کے روز ہی ایران کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایران پر جو حملے کیے جائیں گے ایران نے اس سے پہلے ان حملوں کا تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔

اسرائیل کی خوش قسمتی ہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک جو ایران پر اسرائیلی حملے کے بظاہر حامی نہ تھے لیکن اس جنگ کے شروع ہونے کے ساتھ امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور دوسرے کئی اہم ملک اسرائیل کی مدد اور حمایت کے لیے فوری دستیاب ہو گئے ہیں۔

برطانیہ کی وزیر خزانہ نے 'سکائی نیوز' سے بات کرتے ہوئے مشرق وسطی میں اپنے اسلحہ اور فوجی نفری میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں کشیدگی بڑھائی نہ جائے۔ اضافی جنگی طیارے علاقے میں بھیجنے کے برطانوی فیصلے کے بارے میں انہوں نے کہا اس کی وجہ پیشگی اقدامات کرنا ہے تاکہ کسی بھی صورت حال کے لیے تیار رہا جا سکے۔

اس سوال پر کہ آیا برطانیہ اسرائیل کی مدد کرے گا تو انہوں نے صاف اور کھلے لفظوں میں کہا ماضی میں بھی جب اسرائیل پر میزائل پھینکے گئے تھے تو اس دوران برطانیہ نے اسرائیل کی مدد کی تھی۔ اب بھی اس صورت حال کہ اسرائیل پر میزائل حملے ہوں گے تو برطانیہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے موجود ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا جب ہم اپنے جنگی اثاثے بھیج رہے ہیں تو اس کا مطلب یہی ہے کہ یہ نہ صرف ہمارے اپنے تحفظ اور دفاع کے لیے ہوں گے بلکہ یہ اسی وقت ہمارے اتحادی کی مدد کے لیے بھی ہوں گے۔

یاد رہے برطانیہ نے پچھلے سال ایران کی طرف سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کے حملوں کو روک کر اسرائیل کی مدد کی تھی اور ایرانی میزائل حملے روکنے کے لیے اکتوبر میں اسرائیل کی مدد کے لیے جنگی جیٹ بھیجے تھے ۔ نیز ہوا میں ایندھن بھرنے کے لیے فیول ٹینکرز بھی بھجوائے تھے ۔ اسی طرح ایرانی میزائل حملے روکنے میں اسرائیل کی مدد کی تھی۔ تاہم کسی ایرانی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں