پاکستان کے ساتھ کشیدگی ..بھارت، روس سے فضائی دفاعی نظام اور طیاروں کی جدید کاری کا خواہاں
بھارتی اور روسی وزرائے دفاع کی ملاقات چین کے شہر شنگ ڈاؤ میں ہوئی
بھارت اور روس نے روسی فضائی دفاعی نظام "ایس-400" کی فراہمی، لڑاکا طیاروں "سو-30 ایم کے آئی" کی جدید کاری، اور اہم فوجی سازوسامان کی فوری خریداری پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ بات بھارتی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں بتائی۔
بیان کے مطابق، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور روسی وزیر دفاع آندرے بیلاوسوف کے درمیان چین کے شہر شنگ ڈاؤ میں ملاقات ہوئی۔ بیان میں کہا گیا "یہ دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کے درمیان حالیہ دنوں کے اہم ترین اجلاسوں میں سے ایک تھا، جو ’سندور‘ آپریشن کے پس منظر میں ہوا۔ اس کے نتیجے میں دفاعی پیداوار کو مضبوط بنانے کی ضرورت سامنے آئی، خاص طور پر فضائی دفاع، فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، جدید صلاحیتوں، اور فضائی پلیٹ فارمز کی اپ گریڈیشن جیسے اہم شعبوں میں"... یہ بات روسی خبر رساں ایجنسی "ٹاس" نے بتائی۔
بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ "ایس-400 نظام کی فراہمی، سو-30 ایم کے آئی لڑاکا طیاروں کی جدید کاری، اور اہم دفاعی سازوسامان کی فوری خریداری اس اجلاس کے اہم موضوعات میں شامل تھے۔"
بھارتی وزارتِ دفاع کے مطابق، سنگھ اور بیلاوسوف کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں موجودہ جیوپولیٹیکل صورت حال، سرحد پار دہشت گردی، اور بھارت-روس دفاعی تعاون جیسے امور شامل تھے۔ وزارت کے مطابق، روسی وزیر نے 22 اپریل کو بھارتی ریاست جموں و کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بھارت سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔
واضح رہے کہ22 اپریل کے حملے کے بعد، 7 مئی کو بھارتی مسلح افواج نے "سندور" کے نام سے ایک کارروائی شروع کی، جس میں پاکستان میں دہشت گردوں سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ روسی "ایس-400" نظام سے لیس بھارت کا فضائی دفاعی نظام اس کارروائی میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ مودی نے اس کے بعد شمال مغربی پنجاب کے علاقے میں واقع فضائی اڈے "ادھم پور" کا دورہ کیا اور روسی دفاعی نظاموں کے سامنے تصاویر بھی بنوائیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے 2018 میں روس کے ساتھ 5 یونٹ "ایس-400" دفاعی نظاموں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا، جس کی مالیت 5.43 ارب ڈالر ہے۔ ان میں سے پہلی "ٹریمف" میزائل یونٹ 2021 میں پنجاب کے علاقے میں پاکستان کی سرحد کے قریب نصب کی گئی تھی۔