مراکش: دن دیہاڑے راہ چلتی لڑکی کو ہراساں کیے جانے کا واقعہ،عوام میں شدید غم وغصہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مراکش کے شہر طنجہ میں ایک آوارہ لڑکے کی جانب سے سڑک پر چلتی لڑکی کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیو نے ملک بھر میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑا دی ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش کر رہی ہے، جس میں واقعے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

مختصر ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک لڑکی اپنی سہیلی کے ساتھ طنجہ کے معروف کوریچ (سمندری پٹی) پر چہل قدمی کر رہی تھی کہ اسی دوران ایک نوجوان موٹر سائیکل پر قریب آیا اور اچانک اس کے جسم کے مخصوص حصوں کو چھو کر فرار ہو گیا۔ یہ سب کچھ سڑک عام پر، لوگوں کی موجودگی میں ہوا، جبکہ لڑکی صدمے کی حالت میں کچھ بھی ردعمل نہ دے سکی۔

ویڈیو کے منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے اپنے تبصروں میں اس واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے بڑھتے ہوئے حملوں پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے سرعام ہراسانی کے خلاف سخت کارروائی اور سخت قوانین کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔

ایک صارف احمد الریفی نے لکھاکہ "موٹر سائیکل سوار کا رویہ غیر اخلاقی اور بچگانہ ہے، اس کا اصل مقام جیل ہے۔ حکام کو چاہیے کہ وہ خواتین کی عوامی مقامات پر حفاظت کے لیے فوری اقدامات کریں اور آوارہ اور بگڑے ہوئے نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی کریں"۔

اسی طرح ایک اور صارف عثمان بداوی نے کہا کہ "ہراسانی کے خلاف سخت قوانین بنانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ دوبارہ ایسے واقعات کا تدارک نہ ہوسکے‘۔

یہ واقعہ ماضی کے ان افسوسناک واقعات کی یاد تازہ کر گیا جنہوں نے مراکش کے عوامی شعور کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ انہی میں طنجہ میں اسی مقام پر ایک لڑکی سے اجتماعی ہراسانی کی ویڈیو بھی شامل ہے، جس نے اس وقت پورے ملک میں ہلچل مچا دی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں