شامی وزیر اطلاعات حمزہ المصطفیٰ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سویداء معاہدہ مذاکرات اور سیاسی حل کا موقع فراہم کرتا ہے۔ حمزہ المصطفیٰ نے دمشق میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سویداء معاہدہ مختلف مراحل میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دروز روحانی قیادت کے بیان میں ایسے الفاظ شامل تھے جو نقل مکانی کی ترغیب دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حکمت الھجری نے ایک ایسا بیانیہ اپنایا جس میں غیر ملکی مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سویداء میں ریاست کی موجودگی ہی حل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ شامی ریاست اپنے تمام شہریوں کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سکیورٹی افواج کو ایسے حملوں کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے بڑی مداخلت ضروری ہو گئی۔
شامی وزیر اطلاعات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست نے حالیہ عرصے میں ہونے والی خلاف ورزیوں کی اپنی ذمہ داری سے انکار نہیں کیا۔ یاد رہے سویداء کے اندر ایک گروہ نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ ریاست ہی مسئلہ کی جڑ ہے۔ شامی وزیر اطلاعات نے کہا سویداء میں ریاست کی موجودگی ہی حل ہے مسئلہ نہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست سویداء میں ایک عام زندگی کو یقینی بنانے والی ضروریات کی ذمہ دار ہے۔ ہم ایک نازک عبوری مرحلے کا سامنا کر رہے ہیں۔