انگلینڈ اور ویلز میں مسلسل دوسرے سال بھی ’محمد‘ سب سے مقبول نام قرار
’ محمد‘ دنیا بھر میں سب سے زیادہ رکھا جانے والا لڑکوں کا نام بن گیا: فرانسیسی تحقیق
برطانیہ کے قومی دفترِ شماریات کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں مسلسل دوسرے سال نومولود لڑکوں کے لیے سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام ’’محمد‘‘ رہا ہے۔ برطانوی اخبار ’’دی سن‘‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ سال 2024ء کے دوران 5721 بچوں کا نام "محمد" رکھا گیا، جب کہ دوسرے نمبر پر "نوح" رہا، جو 4139 بچوں کو دیا گیا۔
مختلف ہجوں کے ساتھ مجموعی تعداد 7481
رپورٹ کے مطابق شماریاتی رپورٹ میں صرف ایک ہجے یعنی "محمد" کو شمار کیا گیا ہے، تاہم اسی نام کی ایک اور مقبول ہجے "Mohammed" کے ساتھ 1760 بچوں کے نام درج ہوئے، جس سے مجموعی تعداد بڑھ کر 7481 ہو گئی۔
لڑکوں کے دیگر مقبول ناموں میں اولیور (Oliver) 3492 بار، آرتھر (Arthur) 3368 بار، اور لیو (Leo) 3324 بار رکھا گیا۔ لڑکیوں میں سب سے زیادہ مقبول نام "اولیویا" (Olivia) رہا جو 2761 نومولود بچیوں کو دیا گیا۔
2023ء میں بھی محمدؐ سرفہرست رہے
رپورٹ کے مطابق 2023ء میں بھی "محمد" سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام رہا، جب کہ اس برس دونوں ہجوں کو ملا کر 6262 بچوں کو یہ نام دیا گیا تھا۔ اسی سال لڑکیوں میں "اولیویا" 2906 بار رکھا گیا۔
دنیا بھر میں بھی محمد سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام
فرانسیسی اخبار ’’لو فیگارو‘‘ کے مطابق 2023ء میں کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کا نام دنیا بھر میں لڑکوں کے لیے سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام ہے۔ یہ تحقیق فرانسیسی مصنفہ اسٹیفانی رابوپورٹ نے کی، جن کے مطابق یہ نام زیادہ تر عرب اور مسلم گھرانوں میں بڑے بیٹے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ "محمد" نام کا مطلب ہے ’’وہ شخصیت جو قابلِ تعریف ہو‘‘ یا جو ’’ مجموعہ صفات‘‘ ہو۔
لڑکیوں میں ’ماری‘ سب سے مقبول نام
تحقیق میں لڑکیوں کے مقبول ترین ناموں میں "ماری" (Marie) کو سرفہرست قرار دیا گیا، جو حضرت مریمؑ (عیسٰی علیہ السلام کی والدہ) کا نام ہے۔ عبرانی زبان میں اس کا مطلب ’’پانی کی بوند‘‘ ہے، جب کہ قدیم مصری زبان میں اسے ’’محبوبہ‘‘ کے معنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔