مصری ایوانِ صدر کے اعلان کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی آج سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔
ایوانِ صدر کے ترجمان سفیر محمد الشناوی نے بتایا کہ یہ دورہ مصر اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر مسلسل مشاورت اور ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی اس دورے کا حصہ ہے۔
بیان کے مطابق صدر السیسی اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات سعودی شہر نیوم میں ہو گی۔ اس موقع پر دونوں رہنما سیاسی، اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر بات کریں گے۔
مزید برآں دونوں فریق خطے کی تازہ صورت حال پر بھی گفتگو کریں گے، بالخصوص غزہ کی جنگ، اور اس کے علاوہ لبنان، شام، سوڈان، لیبیا اور یمن کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ ملاقات کے ایجنڈے میں بحیرہ احمر کی سلامتی کا معاملہ بھی شامل ہے۔