پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ’تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط

شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے شاہی محل قصر الیمامہ میں ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کو سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی شاہی دیوان، قصر الیمامہ پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کے ایوان وزیر اعظم سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، نے ریاض کے الیمامہ پیلس میں وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باضابطہ اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس کے آغاز میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے خیر مقدم کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات کا جائزہ لیا اور تبادلہ خیال کیا۔

مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، بھائی چارہ اور اسلامی یکجہتی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (SMDA) پر دستخط کئے۔

یہ معاہدہ، جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لیے مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سعودی ولی عہد نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اچھی صحت، تندرستی اور پاکستان کے برادر عوام کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کو تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچے تھے۔ ایوان وزیر اعظم سے جاری بیان کے مطابق شاہی دیوان پہنچنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کو سعودی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، پاکستان افوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر  اور سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان 17 ستمبر 2025 کو تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد تصویر بنوا رہے ہیں (وزیر اعظم ہاؤس پاکستان)
پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، پاکستان افوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان 17 ستمبر 2025 کو تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد تصویر بنوا رہے ہیں (وزیر اعظم ہاؤس پاکستان)

پاکستان کے ایوان وزیر اعظم کے مطابق شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات جاری ہے جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سمیت وفد میں شامل دیگر رہنما شریک ہیں۔

اس سے قبل شہباز شریف بدھ کو اپنے تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبدالرحمٰن نے ان کا استقبال کیا اور سعودی افواج نے انہیں 21 توپوں کی سلامی دی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض پہنچنے پر کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمنٰ کے علاوہ وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور ریاض میں پاکستان سفیر احمد فاروق بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں