رباط کا "بین الاقوامی ڈول فیسٹیول " نوّے ممالک کی ثقافت کا آئینہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مراکش کے دارالحکومت رباط کے قدیم شہر کی ایک گلی میں ایک بڑے مکان کو نہایت منفرد میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں دنیا کے نوّے سے زیادہ ممالک کی ثقافتوں اور معاشرتی پہچان کو اجاگر کرنے والی گڑیاؤں کا شاندار مجموعہ موجود ہے۔

یہ میوزیم "انٹرنیشنل میوزیم فارڈول" کے نام سے جانا جاتا ہے اور اپنے متنوع اور نایاب ذخیرے کے باعث ہر عمر کے زائرین کی دلچسپی کا مرکز ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ اس میں گڑیا رکھی گئی ہیں مگر زیادہ تر آنے والے بڑے افراد ہوتے ہیں جو یہاں آ کر اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہیں۔

اس میوزیم میں 2500 سے زائد گڑیا رکھی گئی ہیں۔ ان میں وہ سادہ گڑیا بھی شامل ہیں جو بچوں یا بزرگ خواتین نے محض کھیل اور ہنر سکھانے کے لئے تیار کی تھیں۔ یہ گڑیا خاص طور پر سنہ1950ء سے سنہ1970ء کے درمیان بہت مقبول رہیں اور آج بھی آنے والے مہمان ان میں غیر معمولی دلچسپی لیتے ہیں۔

یہ میوزیم محققین اور ثقافت کے شائقین کے لئے بھی ایک قیمتی خزانہ ہے جہاں وہ مختلف معاشروں کی جھلک دیکھتے ہیں اور گڑیا سازی کی تاریخ کا مطالعہ کرتے ہیں۔ یہ گڑیا کبھی کارٹون فلموں کی ہیروئن بنیں اور بعد ازاں عالمی شہرت یافتہ کہانیوں اور فلموں کے کرداروں میں ڈھل گئیں۔

مراکشی شہری عبدالجلیل الحفار اور ان کی فرانسیسی اہلیہ میری میش نے سنہ2019ء میں یہ میوزیم قائم کیا۔ انہوں نے پرانے شہر کے ایک "ریاض" یعنی روایتی مراکشی مکان کو اس مقصد کے لئے منتخب کیا تاکہ زائرین کو ماضی کے ماحول میں لے جایا جا سکے اور انہیں بچپن کے دنوں کی وہ فضا یاد دلائی جا سکے جب گڑیا ہی بچوں کا سب سے بڑا سہارا اور ساتھی ہوا کرتی تھیں۔

میوزیم میں 90 ممالک کی گڑیا رکھی گئی ہیں
میوزیم میں 90 ممالک کی گڑیا رکھی گئی ہیں

یہ مکان دو سو سال سے زیادہ قدیم ہے اور اپنی اصل مراکشی طرزِ تعمیر کے ساتھ آج بھی قائم ہے۔ دیواروں پر روایتی "زلیج" یعنی موزیک ٹائل ورک، لکڑی اور جپسم کی نقش و نگار سے مزین سجاوٹ اس کی انفرادیت کو اور بڑھا دیتی ہے۔

گڑیا کو شیشے کی الماریوں اور لکڑی کے شیلفوں پر ترتیب سے رکھا گیا ہے اور انہیں ممالک اور موضوعات کے حساب سے تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ سب وہ نادر مجموعہ ہے جو عبدالجلیل الحفار نے اپنی دنیا بھر کی سیاحت کے دوران جمع کیا۔

یہ میوزیم روزانہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ میوزیم کے مالک خود زائرین کی رہنمائی کرتے ہیں اور مختلف ثقافتوں اور روایات سے متعارف کراتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہاں تعلیمی سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں جن میں بچوں کو گڑیا بنانے اور تصویریں بنانے کی تربیت دی جاتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں