ہسپانوی فٹ بال کلب ایتھلیٹک بلباؤ نے ہفتے کو میلورکا کے خلاف لا لیگا میچ سے قبل فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
باسکی ملک یعنی سپین کی خود مختار کمیونٹی میں مقیم گیارہ فلسطینی پناہ گزینوں اور انروا کے نمائندگان کا ایک گروپ سین مامز سٹیڈیم میں داخل ہوئے تو اتھلیٹک کے شائقین نے فلسطینی پرچم لہرایا اور کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔
اسی وقت سٹیڈیم کے ویڈیو سکور بورڈز پر یہ پیغام دکھایا گیا: "اتھلیٹک فلسطین کے شانہ بشانہ ہے۔ نسل کشی بند کریں۔"
پچ پر آنے والوں میں فلسطینی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی سابق کپتان اور شریک بانی ہنی ثلجیہ بھی تھیں۔
ہسپانوی کلب کا میچ سے پہلے کا مظاہرہ ایتھلیٹک کلب فاؤنڈیشن اور انروا یوسکادی کے درمیان جاری وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔ اکتوبر میں شروع ہونے والے اس تعاون کا مقصد ہے کہ شام میں تقریباً 8000 فلسطینی پناہ گزین بچوں کو اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کے زیرِ انتظام 16 سکولوں میں جسمانی تعلیم فراہم کرکے ان کی معاونت کی جائے۔