اسرائیلی فوج غزہ میں کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دینے کے لیے تیار رہے گی : ترجمان نیتن یاہو

ہانی مرزوق نے "العربیہ" سے بات چیت میں کہا کہ "غزہ میں مشن ابھی مکمل نہیں ہوا".

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ فوج غزہ میں کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دینے کے لیے چوکس رہے گی۔

ترجمان ہانی مرزوق نے جمعرات کی شب "العربیہ" سے گفتگو میں کہا کہ "اسرائیلی افواج اس وقت تک غزہ سے نہیں نکلیں گی جب تک یہ یقین نہ ہو جائے کہ وہاں سے دوبارہ کوئی خطرہ پیدا نہیں ہو گا۔"

انھوں نے مزید کہا کہ "غزہ میں مشن ابھی مکمل نہیں ہوا" اور یہ بھی کہ "اسرائیلی حکومت کو مکمل قانونی جواز حاصل ہے، اور وہ اپنا شروع کیا ہوا عمل جاری رکھے گی۔"

دوسری جانب اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بدرسیان نے جمعرات کی صبح تصدیق کی کہ تمام متعلقہ فریقوں نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے پہلے مرحلے پر مشتمل معاہدے کے حتمی مسودے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد غزہ کی جنگ ختم کرنا ہے۔

بدرسیان نے یہ بھی بتایا کہ "تمام یرغمالیوں کو ... خواہ وہ زندہ ہوں یا مردہ ... پیر کے روز رہا کر دیا جائے گا" اور یہ کہ "غزہ میں جنگ بندی حکومت کی منظوری کے 24 گھنٹے کے اندر نافذ ہو جائے گی۔"

ادھر حماس تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کو جمعے تک غزہ کے مرکزی شہروں سے انخلا کرنا ہو گا۔

تنظیم نے مزید کہا کہ "یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ اُس وقت تک شروع نہیں ہو گا جب تک جنگ بندی نافذ نہ ہو جائے اور اسرائیلی فوج شہروں سے واپس نہ چلی جائے"۔ تنظیم کے مطابق اسرائیل 250 ایسے فلسطینیوں کو رہا کرے گا جنھیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

حماس کا کہنا ہے کہ "معاہدے میں غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے پانچ سرحدی گزرگاہیں کھولنے پر اتفاق ہوا ہے"۔ تنظیم نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ "اسے امریکہ اور ثالث ممالک کی جانب سے اس بات کی ضمانت دی گئی ہے کہ اسرائیل دوبارہ عسکری کارروائیاں شروع نہیں کرے گا۔"

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کی شام اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان "غزہ منصوبے" کے پہلے مرحلے پر اتفاق ہو گیا ہے، جس میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی دفعات شامل ہیں۔

یہ معاہدہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دو سال مکمل ہونے کے صرف ایک روز بعد سامنے آیا۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کے نتیجے میں امریکی امن منصوبے کے 20 نکاتی خاکے کے پہلے مرحلے پر اتفاق طے پایا، جس کا مقصد غزہ کی جنگ کا خاتمہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں