نائجیریا میں ٹک ٹاک ویڈیو پر عدالت کا انوکھا فیصلہ، انفلوئنسرز کو شادی کا حکم
عدالت نے 60 دن کے اندر نکاح مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی
نائجیریا کے شمالی شہر کانو کی ایک عدالت نے دو معروف ٹک ٹاک شخصیات کو شادی کرنے کا حکم دیا ہے، جب کہ ان دونوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جسے "غیراخلاقی" قرار دیا گیا۔ یہ بات منگل کو فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے عدالتی اور سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتائی۔
عدالت کے جج نے پیر کے روز اپنے فیصلے میں کانو کی "حسبہ پولیس" کو ہدایت دی کہ وہ ادریس مائی وشیریا اور باسیرہ یار گودا کا نکاح 60 دن کے اندر مکمل کرائیں۔ باسیرہ یار گودا ایک خاتون ہیں جو پستہ قد ہیں اور ان دونوں نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز شیئر کی تھیں جن میں وہ ایک دوسرے کو بوسہ دیتے اور گلے لگاتے نظر آئے۔ یہ طرزِ عمل مقامی سماجی اقدار کے منافی سمجھا جاتا ہے۔
کانو کی عدلیہ کے ترجمان بابا جِبو ابراہیم نے بتایا کہ "عدالت نے حسبہ پولیس کو حکم دیا ہے کہ دونوں کا نکاح کرایا جائے کیونکہ انہوں نے ٹک ٹاک پر علناً اپنے پیار کا اظہار کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ "یہ شادی دو ماہ کے اندر مکمل ہونی چاہیے"۔
پولیس کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ "دونوں فریقین نے عدالت کے فیصلے سے اتفاق کر لیا ہے"۔
واضح رہے کہ نائجیریا کی "حسبہ پولیس" وقتاً فوقتاً ایسے سوشل میڈیا متاثرین کو گرفتار اور سزا دیتی ہے جن کا مواد مقامی اخلاقی معیار کے خلاف تصور کیا جاتا ہے۔