برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے ملبوسات اور ذاتی استعمال کی اشیاء پر مشتمل ایک عظیم الشان نمائش اپریل سنہ2026ء میں لندن میں منعقد ہوگی، جس میں ان کے مشہور شاہی لباس، ٹوئڈ جیکٹس اور معروف دوپٹے شامل ہوں گے۔
یہ نمائش بکنگھم پیلس کے "کنگز گیلری" ہال میں لگائی جائے گی جہاں تقریباً 200 نایاب شاہی اشیاء نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ ان میں سے نصف اشیاء پہلی بار عام عوام کو دکھائی جائیں گی۔ نمائش کے ٹکٹ آئندہ منگل سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔
"رائل کلیکشن ٹرسٹ" کے مطابق یہ مجموعہ ملکہ کے طویل اور تاریخی دورِ حکومت کی نمائندگی کرے گا۔ ملکہ الزبتھ دوم سنہ2022ء میں 96 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔ ان کا دورِ حکومت 70 برس پر محیط رہا جو برطانوی تاریخ میں سب سے طویل ہے۔
نمائش میں ملکہ کے مشہور فیشن ڈیزائنر نارمن ہارٹنل کے تیار کردہ کئی ملبوسات بھی شامل ہوں گے، جن میں ان کا عروسی کا جوڑا۔ سنہ1953ء کی تخت نشینی کی تقریب کا لباس اور وہ سبز رنگ کا لباس بھی پیش کیا جائے گا جو انہوں نے سنہ1957ء میں امریکی صدر ڈوائٹ آئزن ہاور کے اعزاز میں واشنگٹن میں برطانوی سفارت خانے میں دیے گئے عشائیے میں پہنا تھا۔
یہ اب تک کی سب سے بڑی نمائش ہوگی جو صرف ملکہ کے ملبوسات کے لیے وقف کی گئی ہے۔ اس میں غیر رسمی لباس بھی شامل ہوں گے، جیسے کہ ٹوئڈ کے سوٹ، گھڑ سواری کے لباس، رنگین دوپٹے اور ساٹھ کی دہائی کا مشہور شفاف برساتی کوٹ جو ڈیزائنر ہارڈی ایمز نے تیار کیا تھا۔
ملکہ الزبتھ دوم جن کا قد تقریباً ایک اعشاریہ ساٹھ میٹر تھا، اپنی رنگین اور پرکشش پوشاکوں کے لیے مشہور تھیں، جو ہمیشہ اپنی ہم رنگ ٹوپی کے ساتھ پہنتی تھیں۔
نمائش کی نگران کیرولین دو گیٹو نے کہا کہ "ملکہ الزبتھ دوم کے لباس محض فیشن نہیں بلکہ علامتی معنوں، نفیس درزی کاری اور برطانوی دستکاری کی اعلیٰ مثال ہیں"۔
اس منصوبے میں برطانوی نژاد فیشن ڈیزائنرز اَردِم مورالی اوغلو، رچرڈ کوئن اور کرسٹوفر کین بھی شریک ہیں جنہوں نے ملکہ کے انداز سے متاثر ہو کر تخلیقی کام کیا۔
کرسٹوفر کین کے مطابق "ملکہ کے لباس دراصل برطانیہ کی کہانی سناتے ہیں اور فیشن کے ذریعے اس کی قومی شناخت میں آنے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتے ہیں"۔
یہ نمائش "کوئین الزبتھ ٹو ہر لائف ان اسٹائل" کے عنوان سے 10 اپریل سے 18 اکتوبر سنہ2026ء تک جاری رہے گی۔