"جی سیون" ممالک کا اقوام متحدہ سے غزہ امن منصوبے کے نفاذ کا مینڈیٹ حاصل کرنے کا عزم

حماس کے غیر مسلح کیے جانے اور بین الاقوامی سکیورٹی فورس کے قیام پر غور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹہ

جرمنی کے وزیرِ خارجہ یوہان فادیفول نے کہا ہے کہ جی سیون ممالک اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایسا اختیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے تحت غزہ میں امن منصوبے پر فوری عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر نیاگارا آن دی لیک میں جاری جی سیون وزرائے خارجہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے فادیفول نے بتایا کہ اس مینڈیٹ کا مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی انتظامیہ کو ایک بین الاقوامی سکیورٹی فورس کے سپرد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے منگل کی شام افتتاحی اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سلامتی کونسل کا اختیار حاصل کرنا ضروری ہے اور اس کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہییں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے فیصلے زبردستی نافذ نہیں کیے جا سکتے بلکہ سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے طے کرنا ہوں گے۔

فادیفول کے مطابق وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور غزہ میں نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے فوری سکیورٹی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ جی سیون میں جرمنی، امریکہ، فرانس، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور کینیڈا شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں