صنعاء میں صدر دفتر پر دھاوے کے بعد ہمارے ملازمین خیریت سے ہیں : ریڈ کراس
"کسی ناخوش گوار واقعے کے بغیر ملازمین کو دفتر سے کوچ کرنے اور اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی"
یمن میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (ICRC) کے ترجمان نے کہا ہے کہ صنعاء میں بدھ کو ان کے دفتر پر ہونے والا واقعہ انسانی ہمدردی کے کام میں غیر جانب داری کی واضح خلاف ورزی ہے، کیونکہ حوثی ملیشیا نے بغیر پیشگی اطلاع کے دفتر میں داخل ہو کر وسیع پیمانے پر تفتیش کی۔
ترجمان کے مطابق یہ واقعہ 12 نومبر کو پیش آیا، جب صنعا کے حکام دفتر میں داخل ہوئے اور مختلف جگہوں کی تفتیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام عملہ بخیر و عافیت دفتر سے بغیر کسی حادثے کے اپنے گھروں کو واپس چلا گیا۔
ترجمان کے مطابق ریڈ کراس کمیٹی اس وقت صنعا کے حکام سے تفتیش کے اسباب اور حالات کے بارے میں وضاحت طلب کر رہی ہے۔ مزید یہ کہ کمیٹی کئی سالوں سے مختلف فریقوں کے ساتھ طویل مدتی مکالمہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ یمن میں متاثرہ لوگوں کو انسانی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہ سکے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ریڈ کراس کا کام جاری رہے گا اور وہ انسانی کام کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنائے گی جن میں غیر جانب داری اور عدم مداخلت شامل ہیں۔ اس کا مقصد کمیٹی کی ٹیموں کی جانب سے لاکھوں یمنیوں کی خدمت کو یقینی بنانا ہے جو امداد پر انحصار کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کمیٹی چیلنجوں کے باوجود انسانی کام جاری رکھے گی اور میدان میں اپنے عملے کی حفاظت اور انسانی رسائی میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔ یہ بات مقامی نیوز ویب سائٹ "نیوز یمن" نے بتائی۔
یہ پہلا واقعہ ہے جب حوثی گروپ نے مسلح حملے کے ذریعے ریڈ کراس کے دفتر پر قبضہ کیا۔ مقامی ذرائع اور رہائشیوں کے مطابق حوثی مسلح عناصر نے کمپاؤنڈ میں داخل ہو کر دفاتر اور عملے کے رہائشی علاقوں کی تفتیش کی اور بعد میں اپنی سیکورٹی فورسز کے ذریعے علاقے کو گھیر لیا، تاہم کسی کے زخمی یا گرفتار ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔