سعودی عرب میں سیاحت کے حوالے سے جاری "موسمِ ریاض" سنہ 2025ء کے آغاز سے پینتیس دن میں زائرین کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی جو خطے کے سب سے بڑے تفریحی ایونٹ کی مسلسل بڑھتی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
گذشتہ ایام میں ریاض سیزن کے مختلف زونز میں آنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ بین الاقوامی نوعیت کی سرگرمیوں اور متنوع تجربات نے مملکت کے اندر اور باہر سے آنے والے مختلف طبقات کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
مسٹر بیسٹ زون اپنے انٹرایکٹو ماحول اور جوش بھرے شوز کے باعث سب سے نمایاں رہا۔ اسی طرح "انا عربیہ" نمائش بھی موجودہ ایڈیشن میں بڑی کشش کا مرکز بنی رہی جہاں خطے کی معروف ڈیزائنرز اور کاروباری خواتین نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کو نمایاں کیا۔
ادھر السویدی زون نے بھی خاندانی ثقافتی مقام کے طور پر اپنی پہچان مزید مستحکم کی۔ یہاں بنگلادیشی ثقافت کی تقریبات کے دوران فنون، لوک رقص اور روایتی پکوانوں نے زائرین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب کھینچا۔
بولیوارڈ ورلڈ اور بولیوارڈ سٹی میں بھی زائرین کا رش مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ڈراموں، کنسرٹس اور تفریحی مقابلوں سمیت متعدد سرگرمیوں نے ان علاقوں کو خاص طور پر مقبول بنایا ہے۔ ان میں "کنگز لیگ" جیسی تفریحی مقابلے پر مبنی ایونٹ نے شائقین کی خصوصی دلچسپی حاصل کی۔
ریاض سیزن سنہ 2025ء مختلف تجربات اور بین الاقوامی شراکت داریوں کی بدولت عالمی سطح پر اپنا مقام مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ کھیل، فنون، ثقافت، خریداری اور تفریح کو یکجا کرتے ہوئے یہ ایونٹ ایک بار پھر ثابت کر رہا ہے کہ ریاض خطے کی اولین تفریحی منزل اور ہر سال لاکھوں زائرین کی ملاقات گاہ بن چکا ہے۔