بچہ صرف 23 ڈالر کی سرمایہ کاری سے سالانہ 1.3 ملین ڈالر کمانے لگا

اپنے کاروبار میں کامیابی کے بعد اس نے تعلیم مکمل کرنا بھی چھوڑ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

زامیس چیو نے نو سال قبل صرف 23 ڈالر کی ایک سادہ سرمایہ کاری کی اور اب اس سے وہ سالانہ ایک ملین ڈالر سے زیادہ کما رہے ہیں۔ 26 سالہ نوجوان نے 2016 میں اپنی سٹارٹ اپ کمپنی شروع کرنے کے لیے 23 ڈالر کی لاگت سے ایک ویب سائٹ کا ڈومین نام خریدا۔ یہ ویب سائٹ، جو پہلے ہی "Repair.sg" کے نام سے محفوظ تھی، ایک "خالی ڈومین" سے سنگاپور میں آن لائن گھریلو دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے والی ایک حقیقی کمپنی میں تبدیل ہو گئی۔

سی این بی سی نیٹ ورک کی ایک رپورٹ کا جائزہ العربیہ بزنس نے لیا۔ اس رپورٹ کے مطابق 2024 میں زامیس چیو کی کمپنی "Repair.sg" نے تقریباً 1.7 ملین سنگاپوری ڈالر یا 1.3ملین امریکی ڈالر کا منافع حاصل کیا۔ زامیس چیو نے کہا کہ جب میں چھوٹا تھا تو میرا خواب ہمیشہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں کام کرنا ہوتا تھا لیکن 2016 کے اوائل میں ایک دن مجھے مارکیٹ میں ایک خلا نظر آیا۔

انہوں نے بتایا کہ میرے والدین گھر میں کسی چیز کی مرمت کے لیے ایک سروس فراہم کنندہ کی تلاش میں تھے۔ میں آن لائن تلاش کر رہا تھا اور ایسا لگا جیسے ماضی میں آن لائن سروس فراہم کرنے والوں کو تلاش کرنے کی کوئی جگہ نہیں تھی۔ اس لیے میں نے ایک ویب سائٹ بنانے کا سوچا۔ 16 سال کی عمر میں زامیس چیو نے ایک ویب سائٹ کا ڈومین نام خریدنے کے لیے 30 سنگاپوری ڈالر (تقریباً 23 امریکی ڈالر) خرچ کیے اور چونکہ وہ ابھی نابالغ تھے۔ اس لیے اپنے والد سے کاروبار کو رجسٹر کرنے میں مدد کرنے کو کہا۔

تقریباً ایک دہائی کے بعد یہ منصوبہ جوبھائیوں زامیس اور آموس نے ایک سائیڈ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا تھا۔ اس پراجیکٹ میں اب 20 سے زیادہ ملازمین کام کر رہے ہیں۔ ’’ سی این بی سی میک اٹ ‘‘ کے جائزہ کردہ دستاویزات کے مطابق 2025 میں اس پراجیکٹ کے تقریباً 2.3 ملین ڈالر کا منافع کمانے کی توقع ہے۔ چیو نے کہا کہ کمپنی نے آہستہ آہستہ ترقی حاصل کی یہاں تک کہ پچھلے چند سالوں میں اس کی ترقی میں تیزی آنا شروع ہوئی۔

کمپنی کے پہلے تین سالوں کے دوران دونوں بھائی ابھی بھی سکول میں تھے لہذا انہیں کلاسوں کے درمیان یا شام کو کمپنی کے لیے کام کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ ہماری فراہم کردہ کچھ خدمات کے پیچھے بہت زیادہ تربیت اور لائسنسنگ کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ صرف ایک سکریو ڈرایور اور ہتھوڑا استعمال کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے اپنے کاروبار کو چلانے کے لیے درکار علم، مہارت اور لائسنس حاصل کرنے میں برسوں گزارے۔

کاروبار پھیلنے سے پہلے وہ زیادہ تر کام خود ہی کرتے تھے۔ لائٹیں بدلنا اور فرنیچر کی مرمت کرنا وہ خود کرتے تھے۔ چیو نے کہا کہ پہلے سات سالوں کے دوران اور تقریباً 2024 کے اوائل تک کمپنی زیادہ تر وقت تباہی کے دہانے پر رہی تھی۔ ہم نوجوان تھے اور اچھے کاروباری مالک نہیں تھے۔ چیو نے مزید کہا کہ شروع میں وہ اور ان کا بھائی وہ سب کچھ کرتے تھے جس کے لیے لوگ انہیں ملازمت دینا چاہتے تھے۔ وہ صبح 4 بجے الارم لگاتے تھے تاکہ وہ ممکنہ گاہکوں کے ابتدائی پیغامات کا جواب دے سکیں۔

چیو نے یاد کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس دوران انہوں نے کچھ سخت سبق سیکھے اور سیکھا کہ کچھ کام ایسے بھی تھے جو انہیں نہیں لینے چاہیے تھے۔ Repair.sg نے صرف 2021 میں ترقی کرنا اور پھیلنا شروع کیا جب دونوں بھائیوں نے اسے ایک شوق سے ایک مکمل کاروباری منصوبے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کاروبار پر توجہ دینے کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔

ہاتھ سے محنت کا انتخاب

دونوں بھائی جنریشن زی سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے دفتری کام یا بعض صورتوں میں کالج کی تعلیم کے بجائے دستی محنت کا انتخاب کیا۔ چیو نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنے کام سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن انہیں اپنے والدین اور اجنبیوں دونوں کی طرف سے بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ بعض گاہکوں نے ان کی کم عمری میں کام کرنے پر طنز کیا۔ لوگوں نے سمجھا کہ دستی کام ان لوگوں کے لیے ہے جو اپنی زندگی میں کامیاب نہیں ہوتے۔

دستی نوکریوں سے منسلک سماجی داغ کی وجہ سے چیو نے کہا کہ انہوں نے اور ان کے بھائی نے اسی وجہ سے کچھ عرصے کے لیے اپنے کام کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی تھی۔ چیو نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ میں نے کسی کی بات نہیں سنی اور کام جاری رکھا کیونکہ اگر مجھے ہفتے میں 5 دن ایک ایئر کنڈیشنڈ دفتر میں بیٹھ کر کمپیوٹر پر ٹائپ کرنے پر مجبور کیا جاتا تو مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اتنی ہی خوشی، اطمینان اور مسرت محسوس ہوتی جو مجھے آج اپنے بھائی کے ساتھ یہ کاروبار چلانے میں محسوس ہوتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں