سوڈان سے متعلق سعودی ولی عہد کا اقدام امن کی راہ دکھا رہا: عبد الفتاح البرھان
شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر خرطوم میں تنازع کے تصفیے کے لیے امریکی صدر نے عزم ظاہر کیا
سوڈانی فوج کے کمانڈرعبدالفتاح البرہان نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ملک میں تنازع کو ختم کرنے اور جنگ بندی کی طرف اقدام کو سوڈان میں امن کی راہ قرار دے دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر سوڈان میں تنازع کے تصفیے کے لیے عزم کا اظہار کیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ سوڈان میں تنازع کا تصفیہ میرے منصوبوں میں شامل نہیں تھا لیکن شہزادہ محمد بن سلمان نے مجھ سے اس بحران کو حل کرنے کے لیے بھرپور مداخلت کرنے کی درخواست کی۔ اس بحران کو اقوام متحدہ نے دنیا کا بدترین بحران قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ سوڈان میں خانہ جنگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے جس میں عام شہریوں کے خلاف مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے ڈیجیٹل شواہد اور سیٹلائٹ تصاویر پر بڑھتا ہوا انحصار شامل ہے۔ خاص طور پر الفاشر کے ریپڈ سپورٹ فورسز کے قبضے میں جانے کے بعد مظالم کے بڑے ثبوت سامنے آئے ہیں۔ میگزین ’’ فارن پالیسی‘‘کے تجزیہ کے مطابق موجودہ پیشرفت انصاف کی کارروائی کو زندہ بچ جانے والوں کی گواہیوں اور سست فیلڈ معائنوں پر انحصار کرنے سے ہٹا کر ایک ایسی حقیقت کی طرف منتقل کر رہی ہے جہاں جرائم آسمان سے فوری طور پر نظر آتے ہیں اور کسی بھی تفتیش کار کے موقع پر پہنچنے سے پہلے ہی ڈیجیٹل طور پر محفوظ ہو جاتے ہیں۔