سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے واقع بیت جن نامی گاؤں پر اسرائیلی فوج کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شدید مسترد کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب کو شام کی سرزمین پر اسرائیلی خلاف ورزیوں اور شام اور اس کے برادر عوام کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز قبول نہیں۔
اپنے بیان میں وزارت خارجہ نے کہا کہ مملکت عالمی برادری خصوصاً سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے ایک بار پھر مطالبہ کرتی ہے کہ وہ شام کی خود مختاری کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں اور شام کی سرحدی بستیوں میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مجرمانہ طرز عمل کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔ وزارت خارجہ نے متعلقہ تمام بین الاقوامی قراردادوں اور قوانین کے نفاذ کا مطالبہ کیا جو شام کی خود مختاری، وحدت اور سلامتی کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔
خیال رہےکہ جمعہ کی صبح شام کے سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوج نے دراندازی کے دوران شامی شہریوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس کے بعد مقامی آبادی اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیؓں۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے بمباری کی جس کے نتیجے میں تیرہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔