سعودی عرب کی شام میں مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت
ریاض کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے اور پرامن شہریوں کو خوفزدہ کرنے کی کھلی مخالفت
سعودی عرب نے جمعہ کے روز شام میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے شام کے شہر حمص میں نماز جمعہ کے دوران امام علی بن ابی طالب مسجد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے اور پرامن لوگوں کو خوفزدہ کرنے جیسے اقدامات کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ سعودی عرب نے شام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وہاں کی حکومت کی جانب سے امن اور استحکام کے قیام کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب نے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ شام کی حکومت اور عوام سے بھی اظہار یکجہتی کیا ہے۔ بیان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شام اور اس کے عوام کے لیے دائمی امن اور سلامتی کی دعا کی گئی ہے۔