مسجد حرام کی بالائی منزل سے کودنے والے شخص کو جان پر کھیل کر بچانے والے اہلکار کی تحسین
سعودی وزیر داخلہ نے ریان آل احمد کی بروقت کارروائی اور فرض شناسی کو سراہا
سعودی عرب کی حکومت نےمسجد حرام کی بالائی منزل کودنے والے شخص کو بچانے والے اہلکار کے جرات مندانہ اقدام کی تحسین کی ہے۔دوسری جانب مسجد حرام میں سعودی سکیورٹی جوان ریان آل احمد کی جانب سے دکھایا گیا جرات مندانہ انسانی اقدام سوشل میڈیا پر غیر معمولی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔
اس واقعے میں انہوں نے ایک ایسے شخص کی جان بچائی جس نے مسجد حرام کی بالائی منزل سے خود کو گرانے کی کوشش کی تھی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر حساس حالات میں سکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کو نمایاں کر دیا ہے۔
صورة متداولة لرجل الأمن السعودي "ريان عسيري" وهو يتلقى العلاج بعد أن أنقذ شخصا ألقى نفسه من الأدوار العلوية في الحرم المكي https://t.co/99XLjAljuw pic.twitter.com/y3HRSCXhL9
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) December 26, 2025
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکیورٹی اہلکار نے فوری ردعمل دیتے ہوئے مذکورہ شخص کو زمین سے ٹکرانے سے روکنے کی کوشش کی جس کے باعث اس کی جان بچ گئی اور چوٹ کی شدت میں واضح کمی آئی۔ اس مداخلت کے دوران سکیورٹی جوان ریان آل احمد خود بھی زخمی ہو گئے۔
واقعے سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وسیع پیمانے پر شیئر کی گئیں جن کے ساتھ صارفین نے سکیورٹی اہلکاروں کی ذہنی مستعدی اور مسجد حرام میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی برق رفتاری کو سراہا۔ صارفین نےحرم شریف آنے والے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے میں سکیورٹی فورسز کے کردار کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
اسی تناظر میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے مسجد حرام میں ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے سکیورٹی جوان ریان آل احمد کی صحت سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے جوان کی شجاعت، فرض شناسی اور اعلیٰ درجے کی مستعدی کو سراہا جو ان کے سکیورٹی فرائض کی انجام دہی میں اخلاص کی واضح عکاس ہے۔ یہ بات سعودی وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان میں کہی گئی۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی اہلکار کا یہ اقدام دین اور وطن کی خدمت میں مصروف تمام اہلکاروں کی اعلیٰ اقدار کا عملی نمونہ ہے۔ ان کے مطابق یہ جرات مندانہ رویہ محض سرکاری ذمہ داری کی ادائیگی نہیں بلکہ ایک بلند انسانی موقف ہے جو قربانی، ایثار اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معانی کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ مسجد حرام کے اندر مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مسجد حرام کی خصوصی سکیورٹی فورس نے واقعے کے فوری بعد کارروائی کی تھی اور ایک باضابطہ بیان میں تصدیق کی کہ ایک شخص کو زمین سے ٹکرانے سے روکنے کی کوشش کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔ بیان میں واقعے کے حوالے سے تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کیے جانے کی بھی تصدیق کی گئی۔