ماحولیات کے تحفظ کے لیے شاہ چارلس کی سرگرمیوں پر مبنی نئی دستاویزی فلم
اسے اگلے ماہ ایمازون پرائم پلیٹ فارم پر پیش کیا جانا طے پایا ہے
برطانوی بادشاہ چارلس نے بدھ کے روز ایک شاہی محل میں دستاویزی فلم کے پریمیئر کی میزبانی کی، جہاں ان کی تاریخی رہائش گاہ 'ونڈسر کیسل' میں فطرت کے تحفظ کے لیے ان کی طویل جدوجہد پر مبنی فلم دکھائی گئی۔
دستاویزی فلمFinding Harmony: King’s Vision کی عکس بندی گذشتہ سال کے دوران سات ماہ میں مکمل کی گئی، اور اسے اگلے ماہ 'ایمازون پرائم' پر ریلیز کیا جائے گا۔ اس فلم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ 77 سالہ بادشاہ کی ماحولیاتی سرگرمیوں میں گزری کئی دہائیوں اور اس کے پیچھے کارفرما فلسفے کا گہرا ذاتی جائزہ پیش کرتی ہے۔
فلم میں شاہ چارلس کی کہانی بیان کی گئی ہے جہاں وہ ماضی کی یادوں میں کھوئے اپنی زندگی کے تجربات پر بات کرتے ہیں۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک وقت میں انہیں پودوں سے باتیں کرنے والا ایک "عجیب شخص" سمجھا جاتا تھا، لیکن اب انہیں امید ہے کہ پائیداری کے بارے میں ان کا وژن، جو دنیا بھر کے مختلف منصوبوں میں اپنایا جا رہا ہے، اس سیارے کے لیے زندگی کی امید ثابت ہوگا۔
یہ فلم 1990 میں قائم کردہ ان کے فلاحی ادارے 'کنگز فاؤنڈیشن' کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ فلم میں شاہ چارلس کا کہنا ہے کہ "یہ سب کچھ اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ہم خود فطرت ہیں ... ہم اس کا حصہ ہیں، اس سے الگ نہیں ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا "شاید جب میں اس دنیا سے رخصت ہوں، تب تک اس بات کا شعور مزید بیدار ہو چکا ہو کہ حالات کو دوبارہ صحیح سمت میں لانا کتنا ضروری ہے"۔