یمنی صدارتی کونسل اور یمنی حکومت کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہیں: سعودی سفیر آل جابر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

یمن میں فضائی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری کو بہتر بنانے کے لیے ایک ترقیاتی قدم کے طور پر سعودی پروگرام برائے ترقی و تعمیرِ یمن نے عدن بین الاقوامی ہوائی اڈے کی کارکردگی بڑھانے اور ترقی دینے کے منصوبے کے تیسرے مرحلے کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں عدن کے گورنر عبدالرحمن الیافعی اور عدن میں سعودی پروگرام کے دفتر کے ڈائریکٹر انجینئر احمد مدخلی نے شرکت کی۔ نیا مرحلہ مرکزی رن وے کی بحالی اور فضائی نیوی گیشن اور مواصلاتی نظام کی جدید کاری پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے تاکہ بین الاقوامی شرائط کے مطابق آپریشنل کارکردگی اور فضائی ٹریفک کی حفاظت کو بہتر بنایا جا سکے اور ہوائی اڈے کو مقامی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کی پروازوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔

یہ منصوبہ ایک ایسے جامع ویژن کا حصہ ہے جس کا مقصد مسافروں کے تجربے اور فراہم کردہ خدمات کے معیار کو بہتر بنانا، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سیکٹر کی تیاری کو بڑھانا، عدن شہر کی ایک اہم شہری اور اقتصادی مرکز کے طور پر پوزیشن کو مستحکم کرنا اور یمن کو اس کے علاقائی اور بین الاقوامی ماحول سے جوڑنا ہے۔ ایئرپورٹ کی ترقی سے اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو مدد ملے گی، فضائی نقل و حمل کی تحریک میں اضافہ ہوگا، براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور آپریشنل عمل کو ہوا بازی کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ حفاظت اور ریگولیٹری تقاضوں کے ساتھ مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔

عدن ائر پورٹ
عدن ائر پورٹ

اسی تناظر میں یمن کے لیے سعودی سفیر محمد آل جابر نے کہا کہ آج ہم نے عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارکردگی بڑھانے اور ترقی دینے کے منصوبے کے تیسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جس میں مرکزی رن وے کی بحالی اور نیوی گیشن و مواصلاتی نظام کی ترقی شامل ہے۔ اس سے قبل پہلے اور دوسرے مرحلے میں متبادل رن وے، مرکزی مسافر ٹرمینل، پارکنگ ایریازاور ہوائی اڈے کے گیٹس کی بحالی، کارگو ایریا میں نئی عمارتوں کی تعمیر اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری میں اضافہ کیا گیا تھا۔

یہ پروگرام ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے سعودی پروگرام کی مسلسل حمایت کا تسلسل ہے تاکہ بنیادی ڈھانچے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور یمن تک رسائی اور نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے۔ سعودی سفیر نے مزید کہا کہ ہم یمن میں اپنے بھائیوں کے لیے سعودی پروگرام کے ذریعے مزید ترقیاتی منصوبے اور اقدامات پیش کرنے کے لیے صدارتی قیادت کونسل اور یمنی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سعودی پروگرام نے منصوبے کے پچھلے مراحل میں ترقیاتی کاموں کا ایک پیکیج نافذ کیا تھا جس میں متبادل رن وے کی بحالی، مسافر ٹرمینل اور سہولیات کی جدید کاری اور آپریشنل عملے کی صلاحیتوں میں اضافہ شامل تھا۔ عدن ایئرپورٹ کا منصوبہ ان منصوبوں اور اقدامات کے ایک مربوط پروگرام کا حصہ ہے جو یمن میں نقل و حمل کے شعبے کی مدد کے لیے نافذ کر رہا ہے۔ اس پروگرام میں ہوائی اڈوں کی بحالی، بندرگاہوں کی گنجائش بڑھانا اور اہم سڑکوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔

اس فریم ورک میں پروگرام نے کئی صوبوں میں تقریباً 200 کلومیٹر سڑکوں کی بحالی میں حصہ لیا۔ العبر روڈ جو 11 ملین سے زیادہ مستفیدین کو خدمات فراہم کرتی ہے اور سعودی عرب کو یمن سے اور یمنی صوبوں کو آپس میں جوڑتی ہے کو بھی بحال کیا گیا۔ الودیعہ کراسنگ کی بحالی بھی کی گئی تاکہ تجارتی نقل و حرکت کو بہتر اور اس کی آپریشنل کارکردگی کو بڑھایا جا سکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں