سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے آج جمعے کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی خطے کو مزید محفوظ بنا دے گی۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران کے حوالے سے جاری بات چیت کے لیے ریاض کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہر کوئی ان مذاکرات کی کامیابی کا خواہش مند ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا یہ دور جمعے کو مسقط میں اختتام پذیر ہو گیا۔
عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے مذاکراتی منصوبہ وصول کر کے اسے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے حوالے کیا۔
اسی تناظر میں سلطنت عمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے تہران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کی ہے۔ عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "مشاورات کا مرکز سفارتی اور تکنیکی مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا تھا، جس میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے فریقین کے پختہ عزم کی روشنی میں ان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے"۔