استعفے کے مطالبات کے جلو میں ... اسٹامر کا عہدہ نہ چھوڑنے کا عزم

برطانوی وزیر اعظم نے زور دیا ہے کہ لیبر پارٹی داخلی تنازعات میں الجھنے کے بجائے "ریفارم پارٹی" کا مقابلہ کرے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹامر نے منگل کے روز اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ برطانیہ کو "تبدیل" کرنے کے اپنے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے اسکاٹ لینڈ میں لیبر پارٹی کے رہنما اور پارٹی کی دیگر شخصیات کی جانب سے استعفے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی اتھارٹی کو لاحق چیلنج کو نظر انداز کر دیا۔

جفری ایپسٹین جیسے متنازع شخص کے ساتھ قریبی تعلقات کے باوجود پیٹر مینڈلسن کو واشنگٹن میں برطانوی سفیر مقرر کرنے پر کیئر اسٹامر کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے لیبر پارٹی پر زور دیا کہ وہ داخلی تنازعات میں الجھنے کے بجائے اپنے "اصل دشمن" یعنی عوامی تحریک "ریفارم پارٹی" کا مقابلہ کرے۔

جنوبی انگلینڈ میں ایک کمیونٹی سینٹر کے دورے کے موقع پر کیئر اسٹامر نے اپنی سیاسی بقا کا ثبوت دینے کی کوشش کی۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب ایک دن قبل ہی اسکاٹش لیبر لیڈر انس سرور نے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا اور ان کے دو معاونین بھی چند دنوں کے اندر مستعفی ہو چکے ہیں۔

کیئر اسٹامر نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو بدلنے کے مشن، عوام کے دفاع اور اپنے وطن سے محبت سے کبھی دست بردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصل لڑائی ریفارم پارٹی کی تقسیم اور کینہ پروری کی سیاست کے خلاف ہے جو ملک کو پارہ پارہ کر دے گی۔

پیر کی رات کیئر اسٹامر کو اس وقت کچھ اطمینان ہوا جب انھیں حکومتی وزراء، سابق نائب وزیر اعظم انجیلا رینر جیسی ممکنہ حریف شخصیات اور پارلیمنٹ میں پارٹی کے متعدد ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی۔

واضح رہے کہ مینڈلسن اور ایپسٹین کے درمیان قریبی تعلقات کے انکشاف نے کیئر اسٹامر کے لیے اب تک کا سب سے بڑا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے گذشتہ ماہ ایسی ای میلز سامنے لائی گئیں جن سے اشارہ ملتا ہے کہ مینڈلسن نے مالیاتی بحران کے دوران برطانوی اثاثوں کی فروخت اور ٹیکس ترامیم سے متعلق اہم معلومات ایپسٹین کو فراہم کی تھیں۔ مینڈلسن اس وقت عہدے کے غلط استعمال کے الزامات پر پولیس تحقیقات کی زد میں ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں