ایران میں جنوری 2025 سے زیرِ حراست ایک برطانوی میاں بیوی کو جاسوسی کے الزام میں دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، یہ بات ان کے بیٹے نے آج جمعرات کو بتائی۔ ادھر لندن نے فوری طور پر اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ''بالکل بلاجواز ''قرار دیا ہے۔
جو بینیٹ نے ایک بیان میں کہا: میرے والدین کو صرف تین گھنٹے جاری رہنے والی سماعت کے اختتام پر دس سال قید کی سزا سنا دی گئی اور اس دوران انہیں اپنا دفاع پیش کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔
لنڈسی اور کریگ فورمین جو پچاس کی دہائی کے اوائل میں ہیں، گزشتہ جنوری میں دنیا کے گرد موٹر سائیکلوں پر سفر کے دوران وسطی ایران کے شہر کرمان سے گزرتے ہوئے گرفتار کیے گئے تھے۔
برطانوی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر نے جمعرات کو جاسوسی کے الزام میں ایران میں برطانوی جوڑے کے خلاف سنائے گئے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی خوفناک اور مکمل طور پر بلاجواز قرار دیا۔
کوپر نے بیان میں کہا: ہم اس معاملے کو ایرانی حکومت کے ساتھ مسلسل اٹھاتے رہیں گے، یہاں تک کہ کریگ اور لنڈسی فورمین بحفاظت برطانیہ واپس آ جائیں اور اپنے خاندان سے مل جائیں۔