سعودی ریال کی تاریخ سعودی ریاست کے قیام کے ابتدائی دور سے ہی جڑی ہوئی ہے۔ یہ بتدریج ترقی پاتی کرنسی کی ایک کہانی ہے۔ یہ کرنسی موجودہ شکل اختیار کرنے سے پہلے مختلف سیاسی، سماجی اور معاشی تبدیلیوں سے گزری ہے۔
سعودی کرنسی کی تاریخی تفصیلات بتاتی ہیں کہ یہ سفر سعودی ریاستِ اول میں رائج مختلف سکوں سے شروع ہوا، پھر ریاست کے اتحاد کے دور میں اس کی تنظیم نو کی کوششیں کی گئیں، پھر اس کا جدید ڈھانچہ مکمل ہوا۔ 12 ویں صدی ہجری کے وسط میں سعودی پہلی ریاست کے قیام کے وقت جزیرہ نما عرب میں کوئی متحدہ مالیاتی نظام موجود نہیں تھا بلکہ تجارت اور وسیع جغرافیائی پھیلاؤ کی وجہ سے مختلف کرنسیاں رائج تھیں۔
شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کے جاری کردہ تاریخی مواد کے مطابق پہلی سعودی ریاست کے بانی امام محمد بن سعود بن محمد بن مقرن نے ایک مضبوط معاشی بنیاد رکھنے پر توجہ دی جس کا مقصد درعیہ اور دیگر علاقوں کے درمیان تجارت کو فروغ دے کر مالی وسائل فراہم کرنا تھا۔ اسی لیے درعیہ اور نجد کے دیگر شہروں کی مارکیٹیں متحرک تھیں جہاں مختلف علاقوں کے تاجر سونا، چاندی اور بارٹر سسٹم کے ذریعے لین دین کرتے تھے۔
فرانسیسی ریال
ڈاکٹر عبداللہ الصالح العثیمین کی کتاب "تاریخِ مملکتِ سعودی عرب" کے مطابق نجد کے لوگوں میں مشہور کرنسیاں احمر، محمدیہ، جدیدہ اور مشخص تھیں۔ ان کے ساتھ ساتھ چاندی کا وہ ریال بھی رائج تھا جسے "ماریا تھریسا ریال" یا "فرانسیسی ریال" کہا جاتا تھا۔ یہ ایک آسٹرین سکہ تھا جو اپنے درست وزن اور مستحکم معیار کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مقبول ہوا۔ یہ سکے شاہ فہد نیشنل لائبریری میں بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ اس دور میں تجارت کا ایک عام ذریعہ اشیاء کا باہمی تبادلہ (بارٹر سسٹم) بھی تھا۔
لین دین میں باقاعدگی
ڈاکٹر محمد بن سعید آل منشط کی کتاب "سعودی پہلی ریاست کی تنظیمات" کے مطابق امام سعود بن عبدالعزیز کے دورِ حکومت میں درعیہ کی مارکیٹوں میں نمایاں خوشحالی آئی اور ضروریاتِ زندگی کی اشیاء میں اضافہ ہوا۔ اس کی وجہ سیاسی و سیکیورٹی استحکام تھا۔ اسی استحکام نے تاجروں کو نقل و حرکت کی آزادی دی اور مالی معاملات کو منظم کرنے میں مدد ملی۔
علاقائی تنوع اور مختلف سکے
واضح رہے جزیرہ نما عرب کے مختلف علاقوں میں کرنسی کے استعمال کے اطوار مختلف تھے۔ نجد میں لوگ جدیدہ، خردہ، محمدیہ اور مشخص جیسی اصطلاحات استعمال کرتے تھے۔ ان میں سے ہر سکہ اپنی قیمت اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق استعمال ہوتا تھا۔ "خردہ" سب سے چھوٹا یونٹ تھا۔ "جدیدہ" روزمرہ کے چھوٹے لین دین کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ احساء اپنے زرعی اور تجارتی محل وقوع کی وجہ سے ایک مقامی کرنسی "طویلہ" کے نام سے معروف تھا۔ ’’ طویلہ ‘‘تانبے اور چاندی کے آمیزے سے بنی ایک مڑی ہوئی سلاخ کی مانند کرنسی تھی۔ حجاز میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دنیا بھر سے حجاج کی آمد کی وجہ سے مختلف اقسام کی کرنسیاں رائج تھیں۔
شاہ عبدالعزیز کے عہد میں تنظیمِ نو کا آغاز
اس حوالے سے شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کا 1902 (1319ھ) میں ریاض میں داخلہ ایک اہم سیاسی و معاشی موڑ ثابت ہوا۔ اس مرحلے پر انہوں نے مارکیٹ کی صورتحال کو سمجھتے ہوئے رائج کرنسیاں برقرار رکھیں لیکن بتدریج مالیاتی تنظیم شروع کردی۔
کرنسی پر مہر لگانا
سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے مطابق پہلا اہم قدم رائج سکوں پر لفظ "نجد" کی مہر لگانا تھا تاکہ ریاست کے زیرِ اثر علاقوں میں انہیں سرکاری طور پر تسلیم کیا جا سکے۔ 1925 (1343ھ) میں حجاز اور نجد کے الحاق کے بعد سیاسی وحدت کے اظہار کے لیے بعض سکوں پر لفظ "حجاز" کا اضافہ بھی کیا گیا۔
پہلے تانبے کے سکے
1925 عیسوی یا 1343 ہجری میں یہ مالیاتی اصلاحات مہر لگانے کے مرحلے سے نکل کر سکے ڈھالنے کے مرحلے میں داخل ہوگئیں۔ اس وقت تانبے کے پہلے سعودی سکے آدھا قرش اور پاؤ قرش جاری کیے گئے۔ ان پر شاہ عبدالعزیز کا نام اور ڈھالنے کا سال درج تھا۔ ان سکوں کی پشت پر ان کی مالیت اور ان کو بنانے کا مقام "ام القریٰ" (مکہ مکرمہ) درج تھا۔ سینٹرل بینک کے مطابق یہ پہلی قانونی سعودی کرنسی تھی۔
مالیاتی اصلاحات اور ریال کی پیدائش
1346ھ میں کئی اہم تبدیلیاں آئیں۔ سب سے پہلے شاہ عبدالعزیز نے تمام قدیم سکوں کا لین دین منسوخ کر دیا۔ اسی سال انہوں نے خالص چاندی سے تیار کردہ پہلا "سعودی عربی ریال" جاری کیا جو اس دور کی اہم ترین مالیاتی اصلاح تھی۔
مالیاتی پالیسی کی تشکیل
اس کرنسی کو عام کرنے کے لیے شاہ عبدالعزیز نے ملک کے مالیاتی نظام سے متعلق پہلا باقاعدہ فرمان جاری کیا جو 1928 (1346ھ) میں اخبار "ام القریٰ" میں شائع ہوا۔ اس میں کئی ایسی شقیں شامل تھیں جنہوں نے ریاست کی مستقل مالیاتی پالیسی کی بنیاد رکھی۔
ریال اور مملکت کا اتحاد
1351ھ میں مملکتِ سعودی عرب کے اتحاد کا اعلان ہوا۔ اس اعلان کے بعد 1354ھ میں پہلا چاندی کا ریال جاری ہوا جس پر مملکت کا نام درج تھا۔ یہ ریال اپنے ہلکے وزن اور خالص پن کی وجہ سے مشہور ہوا اور ملک کی وحدت اور مالیاتی استحکام کی علامت بن گیا۔
مالیاتی ادارے کا قیام
معاشی سرگرمیاں بڑھنے پر شاہ عبدالعزیز نے 1952 (1371ھ) میں دو شاہی فرمان جاری کیے جن کے تحت "سعودی عرب مانیٹری اتھارٹی" (موجودہ سعودی سینٹرل بینک) قائم کی گئی تاکہ کرنسی کے اجراء کو منظم کیا جائے اور بینکنگ سسٹم کی نگرانی کی جا سکے۔ اس ادارے نے 1372ھ میں کام شروع کیا اور اس کے ابتدائی کاموں میں سعودی گولڈ گنی کا اجراء اور چاندی کے ریال کو مکمل کرنا شامل تھا۔
حجاج کے لیے رسیدوں کا اجرا
شاہ عبدالعزیز نے محسوس کیا کہ چاندی کے سکوں کا وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں اٹھانا خاص طور پر حجاج کرام کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس مشکل کو حل کرنے کے لیے مانیٹری اتھارٹی نے 1953 (1372ھ) میں "حجاج کی رسیدیں" جاری کیں جو سعودی نظامِ زر کا ایک جرات مندانہ قدم تھا۔ 10 ریال کی مالیت کی ان رسیدوں کی پہلی کھیپ میں 50 لاکھ رسیدیں چھاپی گئیں جن پر عربی، فارسی، انگریزی، اردو، ترکی اور مالایائی زبانوں میں تحریریں درج تھیں تاکہ ہر ملک کا حاجی ان کی قدر سمجھ سکے۔ حاجی مملکت پہنچ کر صرافوں سے یہ رسیدیں خرید سکتے تھے۔
حجاج اور مارکیٹ کا اعتماد
اس تجربے کو حجاج کرام، مقامی تاجروں اور شہریوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ اسی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ادارے نے 1954 میں 5 ریال اور 1956 میں 1 ریال کی رسیدیں بھی جاری کیں۔
کرنسی کا تحفظ
اس تجربے کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شہریوں اور حجاج نے ان رسیدوں کو سکوں میں تبدیل نہیں کرایا بلکہ انہیں ہی لین دین کے لیے استعمال کرتے رہے۔ اس سے حکومت کو یہ پیغام ملا کہ عوام کاغذی کرنسی پر اعتماد رکھتے ہیں۔ یہ نوآموز ریاست کی بڑی کامیابی تھی۔
کاغذی ریال
1961 ء (1381ھ) میں شاہ سعود بن عبدالعزیز کے دور میں سعودی ریال کی پہلی سرکاری کاغذی شکل جاری ہوئی۔ اس کے بعد کے ادوار میں ڈیزائن، حفاظتی فیچرز اور مذہبی و تاریخی مقامات کی تصاویر کے ساتھ نئے ورژن آتے رہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد میں 2016 (1438ھ) میں چھٹا ورژن جاری کیا گیا جس کا سلوگن ’’اعتماد اور تحفظ ‘‘ رکھا گیا اور اسے عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا۔
مالیاتی شناخت کا فروغ
20 فروری 2025 کو شاہ سلمان کی جانب سے سعودی ریال کے مخصوص نشان کی منظوری دی گئی جس نے مقامی اور عالمی سطح پر مملکت کی مالیاتی اور ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط کیا۔ یہ نشان عربی خطاطی سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے جو قومی زبان اور ثقافت پر فخر کا اظہار ہے۔
ریال اور وطن کی یاد
درعیہ کی مارکیٹوں ، جہاں سونا اور چاندی رائج تھی، سے شروع ہونے والا یہ سفر آج کے جدید ریال تک پہنچ چکا ہے۔ یہ صرف کرنسی نہیں بلکہ تین صدیوں پر محیط سعودی ریاست کی ترقی کی ایک زندہ دستاویز ہے جو وطن کی یادوں اور اس کی تعمیر و ترقی کی داستان کو سمیٹے ہوئے ہے۔