ناروے میں شاہی محل نے منگل کو اعلان کیا کہ شاہ ہیرالڈ پنجم، جنہوں نے حال ہی میں اپنی 89 ویں سالگرہ منائی ہے، انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔ انھیں اسپین کے علاقے ٹینیرائف کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ تعطیلات گزار رہے تھے۔
شاہی محل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی حالت تسلی بخش ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً 35 سال قبل تخت نشین ہونے والے بادشاہ پہلے بھی متعدد طبی مسائل کا شکار رہ چکے ہیں۔ انھیں 2020 میں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ 2021 میں ان کے گھٹنے کا آپریشن ہوا تھا۔
علاوہ ازیں 2003 میں مثانے کے کینسر کی وجہ سے ان کا آپریشن ہوا تھا اور 2005 میں دل کے والو کے مسائل کے باعث سرجری کی گئی تھی۔ اس کے بعد 2020 میں ایک اور آپریشن کے ذریعے والو تبدیل کیا گیا تھا۔
شاہ ہیرالڈ 1957 میں اپنے دادا شاہ ہاکون ہفتم کی وفات کے بعد ولی عہد بنے تھے اور 1991 میں اپنے والد کے انتقال کے بعد بادشاہ کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔