پرانے موبائل میں چھپا سونا جدید ٹیکنالوجی کا حیران کن انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

اب سونا نکالنا صرف روایتی کانوں تک محدود نہیں رہا، کیونکہ محققین نے ایک نیا اور جدید طریقہ ایجاد کر لیا ہے ،جس کے ذریعے الیکٹرانک کچرے سے سونا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پرانے موبائل فون اور کمپیوٹر اب گھروں میں موجود ایک پوشیدہ خزانے میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

سائنسی ٹیکنالوجی: کچرے سے سونا بنانے کا عمل

ایڈوانسڈ میٹیریلز (Advanced Materials) جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اس نئی تکنیک میں باریک پروٹین فائبرز استعمال کیے جاتے ہیں، جنہیں ایملوئڈ نینو فائبرلز (Amyloid Nanofibrils) کہا جاتا ہے۔ یہ فائبرز دودھ کے مصل (whey) سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

ان فائبرز کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی سطح بہت وسیع ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ تحلیل شدہ الیکٹرانک پرزوں، جیسے کمپیوٹر کے مدر بورڈز میں موجود سونے کے ذرات کو نہایت مؤثر انداز میں جذب کر لیتے ہیں۔

بعد ازاں ان ذرات کو صاف کر کے خالص سونے کی شکل میں جمع کیا جا سکتا ہے، جو اعلیٰ معیار کی سونے کی ڈلیوں میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

کم لاگت اور ماحول دوست ٹیکنالوجی

نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس طریقے کے ذریعے سونا نکالنے کی لاگت تقریباً 1اعشاریہ1 ڈالر فی گرام ہے، جبکہ مارکیٹ میں 22 قیراط سونے کی قیمت تقریباً 50 ڈالر فی گرام کے قریب ہوتی ہے۔

یہ ٹیکنالوجی روایتی کان کنی کے مقابلے میں زیادہ پائیدار بھی ہے، کیونکہ اس میں کیمیائی مادوں کا استعمال کم ہوتا ہے اور فضلہ بھی کم پیدا ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ پروٹین مواد کو دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جو سرکلر اکانومی (Circular Economy) کے تصور کو فروغ دیتا ہے، یعنی الیکٹرانک اور غذائی فضلے کو ایک ساتھ ری سائیکل کر کے دوبارہ کارآمد بنایا جاتا ہے۔

کیا واقعی آپ کے پرانے آلات میں سونا موجود ہوتا ہے؟

اندازوں کے مطابق ایک اسمارٹ فون میں تقریباً 7 سے 34 ملی گرام تک سونا موجود ہوتا ہے، جس کی مالیت لگ بھگ ایک ڈالر سے لے کر تقریباً 6 ڈالر تک بنتی ہے۔

اگرچہ ہر ایک ڈیوائس میں سونے کی مقدار کم محسوس ہوتی ہے، لیکن ہر سال لاکھوں کروڑوں پرانے اور ناکارہ آلات جمع ہو جاتے ہیں، جس سے الیکٹرانک کچرا ایک بڑا معاشی ذریعہ بن سکتا ہے جسے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

الیکٹرانکس میں سونا کیوں استعمال ہوتا ہے؟

سونا الیکٹرانک آلات کی تیاری میں ایک مثالی دھات سمجھا جاتا ہے، اور اس کی چند اہم وجوہات درج ذیل ہیں:بجلی کو بہترین طریقے سے منتقل کرنے کی صلاحیت۔وقت گزرنے کے ساتھ زنگ یا خرابی سے محفوظ رہنا۔لچکدار ہونا اور آسانی سے شکل اختیار کر لینا بغیر ٹوٹے۔انہی خصوصیات کی وجہ سے سونا موبائل فونز اور کمپیوٹرز کے اندرونی سرکٹس اور کنیکٹرز میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

فوج سے خلا تک

الیکٹرانکس میں سونے کا استعمال بیسویں صدی کے وسط سے شروع ہوا، جب فوجی نظاموں نے زیادہ قابلِ اعتماد مواصلات کے لیے اس پر انحصار کیا۔

بعد ازاں اس کا استعمال خلائی میدان میں بھی پھیل گیا، خصوصاً ناسا (NASA) نے اپنے آلات اور مشنز میں سونا استعمال کیا، جن میں مشہور ووئیجر(Voyager) مشنز کی ریکارڈنگز بھی شامل ہیں۔

مستقبل کی کان کنی: کچرے سے آغاز

یہ نئی ٹیکنالوجی کان کنی کے تصور میں ایک بڑی تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، جہاں قیمتی دھاتوں کی تلاش اب زمین کھودنے تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ گھر کے کسی دراز میں پڑے پرانے آلات سے بھی شروع ہو سکتی ہے۔ یہ پیش رفت مستقبل میں ری سائیکلنگ اور الیکٹرانکس کی صنعت کو عالمی سطح پر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں