''آرٹیمس 2''کا کمال خلا سے زمین کے غروب ہونے کی منفرد تصویر جاری
نئی تصویر اُس تصویر کی یاد دلاتی ہے جو 24 دسمبر 1968 کو امریکی خلا باز بل اینڈرز نے لی تھی۔
57 برس سے زائد عرصہ قبل مشن اپولو 8 کے دوران ایک خلا باز کی جانب سے زمین کے طلوع (Earthrise) کی پہلی تصویر لینے کے بعد اب آرٹیمس 2مشن کے خلا بازوں نے ایک اور تاریخی تصویر محفوظ کی ہے۔
ناسا نے منگل کو یہ تصویر جاری کی، جس میں زمین کو چاند کے افق کے پیچھے غروب ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس مشن کے عملے میں امریکی خلا باز ریڈ وائز مین، کرسٹینا کوچ، وکٹر گلوور اور کینیڈین خلا باز جیریمی ہینسن شامل ہیں۔
یہ نئی تصویر 24 دسمبر 1968 کو لی گئی مشہور تصویر کی یاد تازہ کرتی ہے، جب امریکی خلا باز بل اینڈرز نے اپنے ساتھیوں فرینک بورمن اور جم لوول کے ساتھ اپولو 8مشن کے دوران چاند کے قریب پہلی انسانی پرواز کے دوران زمین کے طلوع کا دلکش منظر محفوظ کیا تھا۔
نئی تصویر پیر کے روز اس وقت لی گئی جب اورین کیپسول چاند کے گرد مدار میں گردش کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ اپولو 8 نے چاند کے گرد دس چکر لگائے تھے مگر اس کی سطح پر نہیں اترا تھا۔ انہی چکروں میں سے ایک کے دوران بل اینڈرز نے خلا کے اندھیرے میں چمکتی نیلی زمین کا منظر قید کیا، جس کے آگے چاند کا سنسان اور یک رنگ افق دکھائی دے رہا تھا۔
واپسی پر بل اینڈرز نے کہا تھا: ہم اتنی دور چاند کو دریافت کرنے آئے تھے، لیکن اصل میں ہم نے زمین کو دریافت کیا۔ ''ارتھ رائز ''کی تصویر کو تاریخ کی اہم ترین تصاویر میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے 2003 میں میگزین لائف کی کتاب 100 تصاویر جنہوں نے دنیا بدل دی میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
آرٹیمس 2کے خلا بازوں نے پیر کے روز اپولو 8کی اس میراث کو تازہ کیا اور اپنے دن کا آغاز جم لوول کے ایک ریکارڈ شدہ پیغام سے کیا، جو انہوں نے اگست 2025 میں اپنی وفات سے قبل چھوڑا تھا۔
انہوں نے پیغام میں کہا: یہ ایک تاریخی دن ہے، مجھے معلوم ہے آپ بہت مصروف ہیں، لیکن منظر سے لطف اندوز ہونا مت بھولیں۔