مصری پریمیئر لیگ کے مقابلوں کے دوران منگل کے روز ایک دردناک واقعہ پیش آیا جب ’مودرن سپورٹس‘ اور ’الجونہ‘ کی ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران ریفری مصطفیٰ الشہدی اچانک ایک سنگین چوٹ کا شکار ہو گئے۔
میچ کے 27 ویں منٹ میں شائقین اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب ریفری اچانک گراؤنڈ میں گر پڑے جس سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ یہ واضح ہونے پر کہ ریفری کو سنگین چوٹ آئی ہے فوراً انہیں چوتھے ریفری سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد وہ روتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔
ریفری کمیٹی کے ایک ذمہ دار ذریعے نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ چوٹ کی ابتدائی تشخیص سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے گھٹنے کی ہڈی ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔
ذریعے نے مزید تصدیق کی کہ میچ ختم ہوتے ہی مصطفیٰ الشہدی کے تفصیلی طبی معائنے اور ایم آر آئی اسکین کیے جائیں گے تاکہ چوٹ کی حتمی نوعیت کا تعین کیا جا سکے اور علاج کے طریقہ کار سمیت میدان سے ان کی متوقع دوری کے دورانیے کا فیصلہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔