ایران کا "ہرمز انتظامی اتھارٹی" قائم کرنےکادعویٰ..آبنائےسےمتعلق تازہ ترین معلومات بھیجے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے باوجود کہ وہ آبنائے ہرمز کے انتظام کے حوالے سے ایک طریقہ کار تک پہنچنے کے لیے سلطنتِ عمان کے ساتھ رابطے میں ہے، ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل نے آج پیر کے روز ایک نئی اتھارٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد اس اہم گزرگاہ کا انتظام ہے، جسے تہران نے عملی طور پر بند کر رکھا ہے اور وہ وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اعلیٰ قومی سلامتی کونسل نے "ایکس" پلیٹ فارم پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے "Strait Authority" کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ اتھارٹی آبنائے ہرمز کے آپریشنز اور تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں "فوری صورت حال" فراہم کرے گی۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے اکاؤنٹ نے بھی یہی پوسٹ شیئر کی ہے۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ یہ نئی اتھارٹی کیا کرے گی، لیکن ایرانی ذرائع نے رواں ماہ کے اوائل میں اشارہ دیا تھا کہ یہ اتھارٹی "آبنائے ہرمز پر خود مختاری کی مشق کے لیے ایک نظام" تشکیل دے رہی ہے۔ مزید یہ کہ آبنائے سے گزرنے والے جہازوں کو ای میل کے ذریعے "تنظیمی ضوابط" موصول ہوئے ہیں۔ یہ بات انگریزی زبان کے ایرانی چینل "پریس ٹی وی" نے بتائی ہے۔

ایرانی مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے ہفتے کے روز اشارہ دیا تھا کہ ان کے ملک نے آبنائے سے ٹریفک کی نقل و حرکت کے انتظام کے لیے "ایک پیشہ ورانہ طریقہ کار تیار کیا ہے ...اس کا جلد ہی انکشاف کیا جائے گا"۔

واضح رہے کہ تجارتی جہازوں کے لیے ایرانی دھمکیاں 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے اس اہم آبنائے سے جہاز رانی کی نقل و حرکت کو کافی حد تک مفلوج کرنے کا سبب بنی تھیں۔

اس تزویراتی آبی گزرگاہ میں اس جمود نے عالمی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا، جس نے امریکہ کو ایرانی بندرگاہوں پر ایک سخت بحری ناکہ بندی عائد کرنے پر مجبور کیا۔ معلوم رہے کہ امن کے اوقات میں، دنیا کے تیل اور مائع قدرتی گیس کے جہازوں کا تقریباً پانچواں حصہ، کھاد سمیت دیگر بنیادی اشیاء کے ساتھ اسی راستے سے گزرتا ہے۔

جنگ کے آغاز سے ایران نے بارہا اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آبنائے سے جہاز رانی کی نقل و حرکت "جنگ سے پہلے کی صورتحال پر واپس نہیں جائے گی"۔ اس نے گذشتہ ماہ یہ اعلان بھی کیا تھا کہ اسے اس آبی گزرگاہ پر عائد فیس سے پہلی آمدنی حاصل ہو گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں