واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب جمعے کی شام اس وقت سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، جب صدارتی عمارت کے اطراف فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
العربیہ کی نامہ نگار کے مطابق واقعے کے فوراً بعد علاقے میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر وہاں موجود صحافیوں کو وائٹ ہاؤس کے اندر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں العربیہ نے رپورٹ کیا کہ فائرنگ کے مشتبہ شخص کو ہلاک کر دیا گیا۔
ادھر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ امریکی خفیہ سروس کے اہلکاروں نے وائٹ ہاؤس کے قریب ایک شخص پر فائرنگ کی۔ واقعے میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ امریکی حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔
I was in the middle of taping on my iPhone for a social video from the White House North Lawn when we heard the shots. It sounded like dozens of gunshots. We were told to sprint to the press briefing room where we are holding now. pic.twitter.com/iqdQwh4soq
— Selina Wang (@selinawangtv) May 23, 2026
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی وائٹ ہاؤس کے اطراف غیر معمولی سیکیورٹی تعیناتی کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کی اطلاعات پر کارروائی کر رہے ہیں۔
امریکی صحافی ماریو نوفل نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ اے بی سی نیوز کی فوٹیج ہے، جس میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
موقع پر موجود صحافیوں کے مطابق انہوں نے یکے بعد دیگرے کئی گولیوں کی آوازیں سنیں، جس کے فوراً بعد انہیں پریس بریفنگ روم کے اندر پناہ لینے کی ہدایت دی گئی۔
صحافیوں نے بتایا کہ خفیہ سروس کے اہلکاروں نے انہیں عمارت سے باہر جانے سے روک دیا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریب 20 سے 30 گولیاں چلائی گئیں، جبکہ اے بی سی نیوز کی ویڈیوز میں بھی فائرنگ کی آوازیں واضح طور پر ریکارڈ ہوئیں۔
فوکس نیوز نے اپنے نامہ نگار چیڈ برگرام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی خفیہ سروس نے وائٹ ہاؤس کے قریب مبینہ حملہ آور کو ''مار گرانے'' میں کامیابی حاصل کی۔ یہ کارروائی اس سیکیورٹی الرٹ کے بعد کی گئی جو ہفتے کی شام فائرنگ کی آوازیں سننے کے بعد نافذ کیا گیا تھا۔
امریکی خفیہ سروس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''ایکس'' پر جاری بیان میں کہا کہ وہ 17ویں اسٹریٹ اور پنسلوانیا ایونیو کے قریب فائرنگ کی اطلاعات سے آگاہ ہے، جو وائٹ ہاؤس سے تقریباً ایک بلاک کے فاصلے پر واقع ہے۔ ادارے کے مطابق زمینی اہلکار معلومات کی تصدیق میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے پر فوری ردعمل دے رہی ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعے کے وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر موجود تھے۔ امریکی حکام نے تحقیقات جاری رکھتے ہوئے صورتحال کو تاحال ''فعال اور بدلتی ہوئی'' قرار دیا ہے۔