تاریخی آئی پی او کے بعد 19 فیصد کی چھلانگ ، "سپیس ایکس" کا شیئر 161 ڈالر پر پہنچ گیا
اس اضافے نے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو کو تقریباً 2.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچا دیا ہے، مسک پہلے ٹریلین پتی بن گئے
مالیاتی منڈیوں کی تاریخ کے سب سے بڑے آئی پی او ( عوامی حصص کی پہلی پیشکش ) کے بعد ناسداک سٹاک ایکسچینج میں اپنے پہلے تجارتی سیشن میں "سپیس ایکس" کا شیئر تقریباً 19 فیصد اضافے کے ساتھ 161.11 ڈالر کی سطح پر بند ہوا۔ شیئر نے SPCX کوڈ کے تحت 150 ڈالر کی سطح پر ٹریڈنگ کا آغاز کیا۔ آئی پی او کی قیمت 135 ڈالر فی شیئر تھی جس کے بعد سیشن کے دوران یہ 176.52 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
امریکی نیٹ ورک ’’ سی این بی سی ‘‘ کی جانب سے شائع کردہ اور "العربیہ بزنس " کی جانب سے دیکھی گئی رپورٹ کے مطابق اس اضافے نے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو کو تقریباً 2.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچا دیا۔ اس سے دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سپیس ایکس کی پوزیشن مستحکم ہو گئی۔
ٹریڈنگ کے آغاز کی گھنٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاٹ ویل نے بجائی جہاں ایلون مسک نے ریاست ٹیکساس سے شرکت کی۔ شاٹ ویل نے نیویارک میں افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ایلون مسک نے لسٹنگ سے قبل جے پی مورگن کے زیر اہتمام ایک لائیو براڈکاسٹ کے دوران کہا کہ "سپیس ایکس" تقریباً 2015 سے مثبت نقد بہاؤ حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس آئی پی او کا مقصد ترقی کے ایک بڑے مرحلے کی مالی اعانت کرنا ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ کمپنی کے منصوبوں میں ایبک لاکھ سے زیادہ مواصلاتی سیارچے بھیجنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ خلا میں مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز بنانا بھی شامل ہے۔ ایلون مسک اس وقت "سپیس ایکس" اور ٹیسلا میں اپنے حصص کی بنیاد پر دنیا کے پہلے ٹریلین پتی ہیں۔
اگرچہ کمپنی کی بنیاد دوبارہ استعمال کے قابل راکٹوں کے ڈویلپر کے طور پر رکھی گئی تھی لیکن "سٹار لنک" خلائی انٹرنیٹ کا کاروبار فی الحال اس کا واحد منافع بخش کاروبار ہے ۔ فروری 2026 میں "سپیس ایکس" نے مسک کی کمپنی ’’ ایکس اے آئی ‘‘ کو حاصل کیا جس میں مصنوعی ذہانت کے ماڈل "گروک" اور پلیٹ فارم ’’ ایکس‘‘ شامل ہیں۔ پراسپیکٹس (آئی پی او دستاویز) کے مطابق 2002 میں اپنی تاسیس کے بعد سے کمپنی کا مجموعی نقصان تقریباً 41.3 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
جمعہ کو اس سے پہلے ایلون مسک نے سٹاک مارکیٹ میں اپنی کمپنی "سپیس ایکس" کا تاریخ کا سب سے بڑا آئی پی او شروع کرنے سے پہلے انسانوں کو مریخ پر اتارنے کے اپنے عزم کی تصدیق کی۔ مسک نے ٹیکساس میں "سپیس ایکس" کے ہیڈ کوارٹر سے کہا کہ اسپیس ایکس آپ کو چاند پر اور طویل مدت میں مریخ پر اور اس سے بھی آگے لے جانا چاہتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم یہاں سپیس ایکس میں موجود شاندار ٹیم کی بدولت اسے حاصل کر لیں گے۔
ایوی ایشن اور ایرو سپیس کے شعبے میں مہارت رکھنے والی کمپنی "سپیس ایکس" نے جمعہ کو سٹاک مارکیٹ میں تاریخ کا سب سے بڑا آئی پی او لانچ کیا۔ ویلتھ مینجمنٹ کنسلٹنٹ ایڈم انیس (35 سال) نے نیوز ایجنسی "فرانس پریس" کو بتایا کہ میں جیسے ہی یہ آئی پی او کے لیے پیش ہوں گا، ایک شیئر خریدوں گا تاکہ دیکھ سکوں کہ معاملات کیسے چلتے ہیں۔ لوگ اس چیز کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو ایلون مسک بنا رہے ہیں۔
انہی کی طرح جمعہ کی صبح نیویارک کے ٹائمز سکوائر میں "ناسداک" کی عمارتوں کے سامنے تقریباً سو لوگ جمع ہوئے جہاں بڑی سکرینوں پر "سپیس ایکس" کمپنی کے اشتہارات دکھائے گئے۔ "سپیس ایکس" نے جمعرات کو کہا تھا کہ آئی پی او سے اس کا مقصد 75 ارب ڈالر جمع کرنا ہے جو سٹاک مارکیٹ میں اب تک کے سب سے بڑے آئی پی او کے موجودہ ریکارڈ سے تین گنا زیادہ ہے۔ یہ ریکارڈ فی الحال سعودی تیل کی کمپنی سعودی آرامکو کے پاس ہے جس نے 2019 میں 25.6 ارب ڈالر جمع کیے تھے۔
دوسری جانب "سپیس ایکس" کی صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاٹ ویل نے "سپیس ایکس" اور "ٹیسلا" کے درمیان انضمام کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔ ان دونوں کو ایلون مسک چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ٹیسلا اور سپیس ایکس کے درمیان ایک تکمیل کا رشتہ ہے۔ اس میں ایک تال میل ہے جو ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
تنقید توقعات کو نہیں بدلتی
سپیس ایکس کا خود پر اعتماد اس حد تک پہنچ گیا کہ اس نے نئے شیئرز کا ایک بڑا حصہ انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے مختص کر دیا جو بلومبرگ ایجنسی کے مطابق ان سکیورٹیز کو خریدنے کے لیے 100 ارب ڈالر تک لگانے کے لیے تیار ہیں۔ ان میں سے بہت سے لوگ ایلون مسک کے اس ویژن کی درستی کے قائل ہیں جو گروپ کو ایک کثیر جہتی اتحاد بنانے پر مبنی ہے۔ اس چیز کو کچھ لوگ ہم آہنگی سے عاری سمجھتے ہیں جو خلائی راکٹوں، مصنوعی ذہانت، چپس، سیٹلائٹ انٹرنیٹ اور ایک سوشل میڈیا نیٹ ورک کو یکجا کرتی ہے۔
گزشتہ سال اس گروپ کی ترقی سست پڑ گئی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کے نتیجے میں اسے 2025 میں تقریباً 5 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ جے ریٹر کا خیال تھا کہ صرف حساب کتاب اس طرح کی مارکیٹ ویلیو کا جواز نہیں پیش کر سکتا لیکن مارکیٹ ایسا نہ کرتی اگر وہ سپیس ایکس کی پرامید توقعات پر کم از کم حد تک یقین نہ رکھتی۔
ایلون مسک سرمایہ کاروں کو جو کچھ بیچ رہے ہیں، وہ فی الحال منافع بخش سرگرمیوں، جیسے فالکن راکٹ یا سٹار لنک انٹرنیٹ نیٹ ورک، سے کہیں آگے کی چیز ہے کیونکہ یہ ان صلاحیتوں اور منڈیوں کے بارے میں ہے جو ابھی پیدا ہی نہیں ہوئیں جیسا کہ خلا میں ڈیٹا سینٹرز کی مارکیٹ۔
اس سائز کی کوئی دوسری کمپنی چاند یا مریخ کو آباد کرنے کے بارے میں اس طرح بات نہیں کرتی جس طرح سپیس ایکس کرتی ہے۔ "ویڈبش سکیورٹیز" کے تجزیہ کاروں نے سٹاک مارکیٹ میں سپیس ایکس کی لسٹنگ کو وسیع معنوں میں ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے ایک اہم لمحہ قرار دیا۔ یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مصنوعی ذہانت کا انقلاب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے بدھ کے روز امریکی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس آئی پی او کو اس وقت تک معطل رکھے جب تک کہ سرمایہ کاروں کو دھوکہ دہی کا سامنا نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تحقیقات مکمل نہ ہو جائیں۔ امریکہ میں "آکسفیم" تنظیم کے نبیل احمد کا ماننا ہے کہ ایک شخص کے پاس ایک ہزار ارب ڈالر ہونا نہ صرف ایک منصفانہ معیشت کے منافی ہے بلکہ ایک صحت مند جمہوریت کے بھی خلاف ہے۔