برطانوی وزیر اعظم کے گھر کو نشانہ بنانے والے حملوں کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے: تحقیقات
کیئر سٹارمر کے گھر پر حملہ تخریب کاری، اشتعال انگیزی اور غلط معلومات پھیلانے کی ایک وسیع مہم کا حصہ ہے
برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی ) نے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر کے گھر کو نشانہ بنانے والا حملہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ تخریب کاری، اشتعال انگیزی اور غلط معلومات پھیلانے کی ایک وسیع مہم کا حصہ ہے جس کے شواہد روسی عناصر کے ساتھ تعلق کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
22 سالہ یوکرینی رومان لاورینووچ، جسے پیر کے روز آتش زنی کی مجرمانہ سازش کا مجرم قرار دیا گیا تھا، نے اس ہدف کی شناخت سے پوری طرح واقف ہوئے بغیر حملہ کیا تھا جسے اس نے نشانہ بنایا تھا۔ کارروائی کرنے کے بعد اسے ایک نامعلوم شخص کی طرف سے ایک پیغام موصول ہوا جسے ابتدائی حروف "EL" سے جانا جاتا ہے۔ اس پیغام میں اس نے کہا کہ آپ نے برطانیہ میں ایک بہت ہی اعلیٰ سطح کی شخصیت کے گھر پر حملہ کیا ہے، میں آپ کو پیسے بھیجوں گا اور آپ کو شہر چھوڑ دینا چاہیے۔ لیکن برطانوی حکام نے اسے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
پیسوں کے عوض کام
تحقیقات کے مطابق لاورینووچ کو ٹیلی گرام ایپلی کیشن کے ذریعے لندن میں ملازمت کی تلاش میں مصروف یوکرینیوں کے لیے مخصوص ایک گروپ کے ذریعے بھرتی کیا گیا تھا۔ پہلے اسے بتدریج ایسے کام سونپے گئے جو اشتہار لگانے اور نعرے لکھنے سے لے کر رقم کے عوض جان بوجھ کر آتش زنی کی کارروائیاں کرنے تک بڑھ گئے۔ بی بی سی کو ایسے شواہد ملے ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ "EL" کے نام سے جانا جانے والا شخص 23 سالہ نوجوان روسی سفارت کار ایوگینی لیوکشین ہو سکتا ہے۔ یہ ایک اعلیٰ رتبہ روسی اہلکار کا بیٹا ہے۔
اس سے منسوب پیغامات روسی صدر ولادیمیر پوتین کی تعریف و توصیف اور تخریبی حملے کرنے کے عوض روسی شہریت حاصل کرنے کی پیشکشوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
تخریب کاری اور اشتعال انگیزی کی مہم
تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ روسی آپریٹرز نے سوشل میڈیا اور ٹیلی گرام ایپلی کیشن کے ذریعے تخریب کاری اور اشتعال انگیزی کی ایک مہم کو دور بیٹھ کر چلایا اور برطانیہ کے اندر تخریبی کارروائیوں کو منظم کرنے اور تفرقہ و خوف پیدا کرنے کے لیے انتہا پسندانہ رجحانات والے فرضی گروپس کا استعمال کیا۔ ان سرگرمیوں میں ’’ ڈائریکٹ ایکشن یو کے ‘‘ کے نام سے ایک مبینہ گروپ بنانا شامل تھا جس نے خود کو ایک برطانوی نیشنلسٹ تحریک کے طور پر پیش کیا۔ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ اسے روس سے وابستہ عناصر چلا رہے تھے۔ اس گروپ نے پرتشدد اور تخریبی کارروائیاں کرنے کے عوض مالی رقوم کی پیشکش کی۔ ان کارروائیوں میں مساجد اور پولیس سٹیشنوں کو نشانہ بنانا بھی شامل تھا۔
تحقیقات نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر گروپ کی جانب سے شائع کی جانے والی کالز اور مالی ترغیبات کے بعد پچھلے سال چھ مساجد اور ایک اسلامی سکول کو تخریبی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کی تصاویر اور ویڈیوز کو پروپیگنڈا مہموں میں بھی استعمال کیا گیا جس کا مقصد سماجی تناؤ کو ہوا دینا تھا۔
روس کا تعلق سے انکار
اس نیٹ ورک سے منسوب حملوں میں شمالی لندن میں کیئر سٹارمر کی سابقہ ملکیت والی ایک کار کو آگ لگانا، اس کے علاوہ ایک ایسے اپارٹمنٹ کے داخلی راستے کو نشانہ بنانا جہاں وہ پہلے رہتا تھا اور اس کے گھر کا داخلی راستہ شامل ہے جسے ڈاؤننگ سٹریٹ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر منتقل ہونے کے بعد اس کی سالی نے کرائے پر لے رکھا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمان کے مالی محرک پر توجہ مرکوز کی گئی بغیر اس شخص کی شناخت یا محرکات کو پوری طرح ظاہر کیے جس نے ان کی رہنمائی کی تھی۔ "EL" کا حوالہ "EL Money" کے نام سے بھی دیا گیا۔ یہ وہ نام تھا جو لاورینووچ کے فون میں محفوظ تھا۔
ایک تیسرے شخص 35 سالہ پیٹرو بوچینوک نے جان بوجھ کر آتش زنی کی سازش کے الزام سے انکار کیا۔ عدالت نے اسے تمام الزامات سے بری کر دیا۔ لندن میں روسی سفارت خانے نے ان سرگرمیوں کے ساتھ روس یا اس کی وزارت خارجہ کے کسی بھی تعلق کی تردید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ماسکو برطانیہ یا اس کے عوام کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ برطانیہ کے خلاف کوئی معاندانہ ارادے رکھتا ہے۔