تاریخی پوائنٹ حاصل کرنے پر ہالینڈ کی ملکہ کا کوراساؤ فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ رقص
ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے ورلڈ کپ 2026ءمیں اپنی ٹیم کی جانب سے تاریخ کا پہلا پوائنٹ حاصل کرنے پر کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم میں ڈانس کر کے جشن منایا۔ کوراساؤ کی ٹیم نے امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری ورلڈ کپ کے گروپ ای کے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں ایکواڈور کے خلاف صفر صفر سے ڈرا کھیل کر یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔
کینساس سٹی میں ہونے والے اس میچ کے دوران ہالینڈ کا شاہی خاندان مکمل طور پر موجود تھا، جس میں بادشاہ ولیم الیگزینڈر، ملکہ میکسیما اور ان کی تین بیٹیوں میں سے ایک شہزادی اریان شامل تھیں۔ شاہی خاندان نے اس تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو مبارکباد دی۔
کوراساؤ ٹیم کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا ہے جس میں ملکہ میکسیما کو کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم میں فتح کا رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
Royal Celebration with the King and Queen 💙@koninklijkhuis pic.twitter.com/PLLrVoek80
— Curaçao National Football Team (@TheBlueWaveFFK) June 21, 2026
اس سے قبل شاہی خاندان نے اپنا دن ہیوسٹن میں ہالینڈ اور سویڈن کے درمیان میچ دیکھ کر شروع کیا تھا جس کے بعد وہ کینساس سٹی کے لیے روانہ ہوئے تاکہ چند گھنٹوں بعد بننے والی اس تاریخ کے گواہ بن سکیں۔
کوراساؤ جزیرہ جس نے 7 فتوحات اور 3 ڈراز کے ساتھ ناقابل شکست رہ کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، ہالینڈ کی بادشاہت کا حصہ ہے۔ اس کی آبادی تقریباً 1 لاکھ 58 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور اگرچہ اس پر ڈچ ثقافت کا گہرا اثر ہے تاہم یہ مکمل خودمختار ریاست نہیں ہے۔
اس تاریخی پوائنٹ کے بعد کوراساؤ کی ٹیم کے پاس اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا موقع موجود ہے، اگر وہ آخری راؤنڈ میں آئیوری کوسٹ کے خلاف کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو اس کا راؤنڈ آف 32 تک رسائی کا امکان بہت بڑھ جائے گا۔