یورپ میں گرمی کی لہر اب تک کی سب سے شدید ہے : سائنس دانوں کا تجزیہ

یورپی شہروں کے 45 فی صد حصے میں اس مہینے ہیٹ اسٹریس کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مغربی یورپ میں آنے والی ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والے موسمیاتی تبدیلی کے بغیر ممکن نہ تھی۔ اس تبدیلی نے رواں ہفتے رات کے وقت درجہ حرارت میں اضافے کے امکانات کو محض دو دہائی قبل کے مقابلے میں 100 گنا بڑھا دیا ہے۔

آب و ہوا کے ماہرین پر مشتمل گروپ "ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن" نے آج جمعے کے روز اپنے تجزیے میں ذکر کیا کہ زیر مطالعہ خطے میں یہ گرمی کی لہر اب تک کی سب سے شدید لہر ہے۔

برطانیہ میں جمعرات کے روز جون کے مہینے کا اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اس شدید گرمی کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہوئے، بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور اسکولوں اور ثقافتی مقامات کو بند کر دیا گیا۔

گروپ کے تجزیے کا نتیجہ یہ نکلا کہ گلوبل وارمنگ نے چند دہائیوں کے دوران یورپ میں گرمی کی لہروں کی شدت میں اضافہ کیا ہے۔

تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جن 800 سے زائد یورپی شہروں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا ان میں سے 45 فی صد میں جون کے آخر میں ہیٹ اسٹریس (حرارتی دباؤ) کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی یا متوقع ہے۔ ہیٹ اسٹریس تب ہوتا ہے جب جسم پسینے کے ذریعے خود کو ٹھنڈا کرنے سے قاصر رہتا ہے۔

سائنس دان برسوں پر محیط مطالعوں کے ذریعے اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ گلوبل وارمنگ گرمی کی لہروں کے امکانات کو بڑھاتی ہے اور انہیں مزید شدید بناتی ہے۔

ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق گیسوں کے اخراج نے کرہ ارض کے اوسط درجہ حرارت کو انیسویں صدی کے مقابلے میں تقریباً 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھا دیا ہے۔

یورپ دنیا میں سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم ہے۔

"ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن" کے تجزیے سے واضح ہوا کہ اس گرمی کی لہر کے صحت پر منفی اثرات پہلے ہی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ تجزیے میں ایک سائنسی مطالعے کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق موسم گرما 2022 میں گرمی کی لہروں کے سلسلے کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد افراد گرمی سے متعلق وجوہات کی بنا پر ہلاک ہوئے۔

رات کے وقت انتہائی درجہ حرارت کی وجہ سے گرمی سے پیدا ہونے والے صحت کے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں، کیونکہ یہ جسم کو دن کے وقت کے دباؤ سے بحال ہونے سے روکتا ہے۔ فرانس کے کچھ علاقوں میں رات کا درجہ حرارت ایک ہفتے سے زائد عرصے تک 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر رہا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں