کرملین نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے مشرقی یوکرین کے شہر کوستیانتینِفکا(Kostia ntynivka) پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
یہ شہر یوکرینی افواج کا ایک مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور ڈونباس خطے میں ان آخری بڑے شہروں کی جانب جانے والے راستے پر واقع ہے ،جو اب بھی کیف کے کنٹرول میں ہیں۔
روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ کوستیانتینِفکا(Kostia ntynivka) پر مکمل قبضہ ہو چکا ہے اور اب شہر مکمل طور پر ہمارے کنٹرول میں ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو بھی فوجی یونیفارم میں اپنے جنرل اسٹاف کے ساتھ دکھایا گیا، جہاں انہوں نے کہا کہ اس شہر پر قبضہ انتہائی اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔
روسی فوجی کمانڈر انطون گرونیس(Anton Grunis) کے مطابق اس وقت شہر میں ان یوکرینی فوجیوں کی تلاش اور صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں جو مبینہ طور پر عمارتوں، تہہ خانوں اور کھنڈرات میں چھپے ہوئے ہیں۔
یہ شہر جس کی جنگ سے پہلے آبادی تقریباً 78 ہزار تھی، میں قبضے کی کارروائی 2025 کے آخر میں دراندازی کی کارروائیوں کے ساتھ شروع ہوئی تھی۔
اب یہ پورے محاذ کا مرکزی نقطہ بن چکا ہے ،جو تقریباً 1000 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔کوستیانتینِفکا کو ڈونباس میں یوکرین کے زیرِ کنٹرول آخری بڑے شہروں کراماٹورسک اور سلوویانسک کی طرف جانے والے راستے میں ایک اہم رکاوٹ سمجھا جاتا ہے، جن پر قبضہ کرنا ماسکو کا ایک اہم ہدف بتایا جاتا ہے۔
زاپوریژیا سے 9 کلومیٹر کے فاصلے پر
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روسی ترجمان دیمتری پیسکوف کے مطابق روسی افواج اب مشرقی یوکرین کے علاقے لوہانسک کے مکمل حصے پر بھی کنٹرول حاصل کر چکی ہیں، جو ڈونباس خطے کے دو اہم علاقوں میں سے ایک ہے جس پر ماسکو مکمل قبضہ چاہتا ہے۔
روسی جنرل اسٹاف کے سربراہ ویلےری گیراسیموف (Valery Gerasimov)نے بتایا کہ روسی فوج اب یوکرین کے بڑے شہر زاپوریژیا سے صرف 9 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ جنوبی یوکرین کا ایک اہم صنعتی شہر ہے، جس کی جنگ سے پہلے آبادی 7 لاکھ سے زیادہ تھی۔
اسی طرح ایک اور روسی فوجی کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج شمالی یوکرین کے علاقے سومی کے بڑے شہر کے قریب بھی پہنچ چکی ہیں اور اب ان کا فاصلہ تقریباً 10 کلومیٹر رہ گیا ہے۔
جنگ سے قبل اس شہر کی آبادی تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار تھی۔ان بیانات کے مطابق روسی افواج مختلف محاذوں پر پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور یوکرین کے اہم شہری مراکز کے مزید قریب آتی جا رہی ہیں۔